صوبائی وزیر معدنیات کی مسنگ پرسنز کے اہلخانہ سے ملاقات، جلد بازیابی کی یقین دہانی کرادی

کراچی (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر صوبائی وزیر معدنیات ومعدنی ترقی میر شبیر علی بجارانی نے بلوچ مسنگ پرسنز کے خاندانوںکے وفد سے ملاقات میں کہا کہ سندھ حکومت مسنگ پرسنز کی بازیابی کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی، صوبائی وزیر میرشبیرعلی بجارانی نے کہا کہ بلوچ ہمارے بھائی ہیں اور میں خود بلوچ ہوں لہٰذا میں آپ کا دکھ سمجھ سکتا ہوں، معصوم لوگوں کو اٹھانا زیادتی ہے ، جن کا کرمنل ریکارڈہے وہی بھگتیں، صوبائی وزیر نے مسنگ پرسنز کے خاندانوں کو ان کے پیاروں کی جلد بازیابی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کو مسنگ پرسنز پر تفصیلی رپورٹ بناکر پیش کروں گا، صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے ، مظاہرین پر تشدد کرنے والے اہلکاروں کے خلا ف کارروائی کرتے ہوئے انہیں معطل کیا جائے گا ،انھوں نے کہا کہ آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی شرجیل کھرل سے اس معاملے پر بات کروں گا۔ سندھ حکومت کی ذمّہ داری ہے کہ مسنگ پرسنز کے خاندانوں کو ریلیف فراہم کریں۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی کی آرگنائزر آمنہ بلوچ ، حمید زہری کی زوجہ فاطمہ زہری ، بیٹی سعیدہ حمید ، عمران بلوچ کی والدہ حفیظہ خاتون پر مشتمل وفد نے صوبائی وزیر کو عمران بلوچ ، شوکت ، دوست محمد ، حمید زہری کی گمشدگی سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا، آمنہ بلوچ اور سعیدہ حمید زہری نے کہا کہ ہمیں احتجاج کرنے اور سڑکوں پر آنے کا کوئی شوق نہیں لیکن اپنے پیاروں کی بازیابی کیلئے سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور ہیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں