آصف علی زرداری کی سیاسی رہنمائوں سے ملاقات پر پی ٹی آئی خوفزدہ ہوکر چلانا شروع کردیتی ہے، مراد علی شاہ

کراچی (انتخاب نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی آصف علی زرداری سے اس قدر خوف زدہ ہے کہ جب وہ انہیں سیاسی رہنماؤں سے ملتے دیکھتے ہیں تو چیخنے چلانے لگ جاتے ہیں۔ جب ان کا امیدوار 186 ووٹ نہیں لے پاتا تو کیا اس کا الزام آپ آصف علی زرداری پرلگائیں گے، لہٰذا پی ٹی آئی کی قیادت کو آصف زرداری سے معذرت کرنی چاہیے۔ یہ بات انہوں نے گلستان جوہر میں چکورہ نالہ کے مقام پر شہر کے مختلف اسٹارم واٹر ڈرینز کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، ان کے ہمراہ وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن، وزیر بلدیات ناصر شاہ اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے، مراد علی شاہ نے کہا کہ چوہدری شجاعت پی ٹی آئی کے اتحادی تھے اور ان کے ساتھ سیاسی اختلافات کی وجہ سے انہوں نے ان سے علیحدگی اختیار کر لی اور اپنی پارٹی کے ایم پی ایز کو عمران خان کے نامزد کردہ وزیر اعلیٰ کے امیدوار کو ووٹ دینے سے روک دیا، پارٹی سربراہ کے اس اختیار کو سپریم کورٹ نے قبول کر لیا ہے، ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ ان کی حکومت بلدیاتی انتخابات کرانے کی خواہشمند تھی لیکن الیکشن کمیشن نے ان کی رضامندی کے بغیر انہیں ملتوی کردیا، انہوں نے کہا کہ یہ بے بنیاد الزام ہے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت نے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرائے، انہو ں نے کہا کہ شہر کا اگلا میئر پیپلز پارٹی سے ہو گا اور میئر کسے بنایا جائے اس کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں