فائرنگ کے واقعات، 2 افراد قتل، 5 زخمی، شہری نے 2 ڈاکو مار ڈالے، پولیس مقابلوں میں 2 ملزمان ہلاک، 3 زخمی گرفتار

کراچی (انتخاب نیوز) شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں دو افراد قتل،5 افراد کو زخمی کردیا گیا، شہری نے موٹرسائیکل سوار دو ملزمان کو مار ڈالا، پولیس نے مقابلوں کے دوران 2ملزمان کو ہلاک جبکہ 3 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، مقابلے کے دوران ایک اہلکار بھی زخمی ہوا۔ واقعات کے مطابق سعید آباد کے علاقے بلدیہ ٹائون نمبر 9 کباڑی چوک کے قریب ملزمان کی فائرنگ سے 25 سالہ عمران ولد مظہر حسین ہلاک جبکہ 55 سالہ نسیم خان ولد وحدت خان زخمی ہوگیا، لاش اور زخمی کو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے 40 سالہ جنید سومرو ولد محمد علی سومر و ہلاک ہوگیا جس کی لاش سول اسپتال لائی گئی۔ نیو کراچی سیکٹر 11-D اقصٰی مسجد کے قریب شہری نے تعاقب کے بعد موٹرسائیکل سوار دو مسلح ڈاکوئوں کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا، لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئیں، دونوں کی فوری طور پر شناخت نہ ہوسکی۔ کلری تھانے کی حدود آگرہ تاج کالونی غوثیہ گلی نمبر3 عبداللہ منزل کے قریب فائرنگ سے 25 سالہ فیصل ولد عبدالعزیز زخمی ہوگیا۔ نیو کراچی سیکٹر 5-Eبسم اللہ گیس شاپ کے قریب فائرنگ سے 50سالہ محمد عباس ولد محمد رمضان زخمی ہوا۔ نمائش چورنگی پر گونگوں بہروں کے اسکول کے قریب فائرنگ کرکے 30 سالہ محمد شاہد ولد محمد اسحاق کو زخمی کردیا گیا۔ بوٹ بیسن سگنل کے قریب فائرنگ سے ہجرت کالونی کا رہائشی 35سالہ محمد ندیم ولد فلک شیر زخمی ہوگیا۔سرجانی بھینس کالونی زیرو پوائنٹ کے قریب پولیس نے مقابلے کے دوران ایک ملزم کو ہلاک کردیا جبکہ اہلکار 53سالہ محمد رفیق ولد رانا شفیع بھی گولی لگنے سے زخمی ہوا۔ تیموریہ کے علاقے ناگن چورنگی PNSC فلیٹ کے سامنے پولیس مقابلے کے دوران بلال نامی ملزم ہلاک ہوگیا جو اورنگی ٹائون کا رہائشی بتایا جاتا ہے جبکہ اسکے ساتھی ارباز علی کو گرفتار کرکے اسلحہ، مسروقہ موبائل فون، موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی۔مبینہ ٹائون کے علاقے کراچی یونیورسٹی مین گیٹ کے قریب پولیس نے مقابلے کے بعد موٹر سائیکل سوار 25سالہ ایوب ولد خادم حسین کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ منگھوپیر ایم پی آر کالونی نیا ناظم آباد کے قریب پولیس مقابلے کے دوران ارشاد ولد غلام، نورالاسلامین ولد یامین کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے عباسی شہید اسپتال لایا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں