منجمد اثاثوں کیلئے امریکی اور افغان حکام کے درمیان تجاویز کا تبادلہ

واشنگٹن،کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے بیرونِ ملک اربوں ڈالرز کے منجمد اثاثے جاری کرنے کے لیے امریکی اور افغان حکام کے درمیان تجاویز کا تبادلہ ہوا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دونوں ملکوں کے فریقین کے درمیان اثاثے جاری کرنے سے متعلق اہم اختلافات برقرار ہیں۔رپورٹ کے مطابق افغان حکومت نے افغانستان کے مرکزی بینک میں اعلیٰ سیاسی تقرریوں کو بدلنے سے انکار کردیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ افغان مرکزی بینک میں تعینات ایک عہدیدار پر امریکی پابندیاں عائد ہیں۔ امریکا نے افغان اثاثوں کے لیے ٹرسٹ فنڈ اور اسے کسی تیسرے فریق کو دینے کی تجویز پیش کی ہے، جبکہ افغان حکام نے امریکا کی اس تجویز کی مخالفت کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکا سوئٹزر لینڈ اور دیگر فریقین سے افغان اثاثے جاری کرنے کے میکنزم پر بات کر رہا ہے۔خیال رہے کہ افغانستان کے امریکا میں رکھے گئے 7 ارب ڈالرز سمیت بیرونِ ملک 9 ارب ڈالرز کے اثاثے منجمد ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں