بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے زرعی قرضے معاف کئے جائیں، سینیٹر ثناءجمالی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان عوامی پارٹی کی رہنما سینیٹرثناءجمالی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے تمام زرعی قرضے معاف کئے جائیں ،ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیکر بلا تفریق بحالی کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں، یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ بلوچستان خوش آئند ہے اس سے انہیں صوبے میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ ہوگا انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں 2010کا سیلاب آیا تھا اس وقت بھی ریلیف کے کام کئے گئے تھے اس بار بھی سیلاب سے متوسط اور سفید پوش طبقے کے لوگ بری طرح متاثرہوئے ہیں سیلاب زدہ علاقوں میں بچوں کی سکولوں کی فیس معاف کی جائے جن علاقوں میں زراعت متاثر ہوئے ہیں انہیں مفت بیج فراہم کئے جائیں تا کہ وہ دوبارہ زمینوں کو آباد کر سکیں انہوں نے کہا کہ سیلا ب کی صورتحال کا جائزہ لینے اور متاثرین کی مکمل بحالی کے لئے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کی طرز پر سیلاب کنٹر ول اتھارٹی قائم کی جائے جو ہر علاقے میں سروے کر نے کے بعد متاثرین کی امداد کرے انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بل معاف کئے جائیں ، جن کے گھر متاثر ہوئے ہیں انہیں شیلٹر فراہم کیا جائے جن لوگوں کا مال مویشی متاثر ہوا ہے انہیں بھی معاوضہ دیاجائے انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت شہری علاقوں میں جو لوگ متاثر ہوئے ہیں انکے بھی بل اور بچوں کی فیسیں معاف کی جائیں ،دیہی علاقوں میں قرضے معاف کریں انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی کمیٹی بھی قائم کی جائے جو تمام تر تفصیلات لیکر اسے ایوان میں پیش کرے۔


