اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر مظالم رکوانے کیلئے اقدامات کرے:پاکستان

نیویارک: پاکستان نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہندوستان اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کے خلاف جاری مظالم کا سلسلہ رکوانے کے لئے عملی اقدامات کرے۔
تفصیل کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان نے سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کے خلاف جاری مظالم کا سلسلہ رکوانے کے لئے عملی اقدامات کرے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے مستقبل میں مظالم کی روک تھام کے بارے میں سلامتی کونسل کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت میں آر ایس ایس کے نظریے کی حامی بھارتی جنتا پارٹی کے دور میں اسلام مخالف پراپیگنڈے کو حکومتی پشت پناہی میں فروغ دیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہندو بالا دستی کے نظریے کے حامی افراد کی اخلاقی اقدار کا اندازہ بی جے پی کے ممتاز رکن پارلیمنٹ کے اس اعلامیے سے لگایا جاسکتا ہے کہ تمام لوگ برابر نہیں اور درجے کے لحاظ سے مسلمان مساوی نہیں ہیں۔

انہو نے کہا کہ اگر مسلمان آبادی کے تیس فیصد سے زیادہ ہو گئے تو ملک کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر کے حوالے سے منیر اکرم نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے رہنماء کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد اور تحریک آزادی کو کچلنے اور مقبوضہ وادی کو ہندو اکثریتی علاقے میں تبدیل کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیراء ہیں کیونکہ ان کے نزدیک اس مسئلے کا حتمی حل یہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں