زہرہ بلوچ پر حملہ انتہائی بزدلانہ اقدام ہے، بلوچ یکجہتی کمیٹی
کوئٹہ (انتخاب نیوز)بلوچ یکجہتی کمیٹی کی ترجمان نے زہرہ بلوچ پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس واقعے پر سخت تشویش ہے اور ہم اس واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں،سیاسی حوالے سے متاثر خاندان کے خاتون کو اس طرح دن دہاڑے نشانہ بنانا بلوچستان کے سماجی و سیاسی روایات کے برخلاف عمل ہے، جس کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ بلوچستان اس وقت بہت ہی نازک حالات سے گزر رہی ہے، ایسے میں کوئی بھی غیر ذمہ دارانہ اقدام حالات کو مزید انتشار کی طرف لے جا سکتا ہے۔ بلوچستان میں ایک عرصے سے اجتماعی سزا کا سلسلہ جاری ہے جس میں سیاسی لوگوں کے خاندان کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یہ عمل نہ صرف غیرقانونی اور آئینی بلکہ غیر اخلاقی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی بھی ہے۔ترجمان نے بیان کے آخر میں کہا کہ صوبائی حکومت اور بلوچستان ہائیکورٹ اس طرح کے واقعات کی روک تھام میں کردار ادا کریں اور اس واقعے پر فوری طور پر ایکشن لے۔ بلوچ خواتین پر اس طرح کے حملے اور سیاسی لوگوں کے اہل خانہ کو اجتماعی سزا دینے کے عمل کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔


