لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کی کور کمانڈر 12 کور تعیناتی خوش آئند ہے،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

کوئٹہ (این این آئی)بلوچستان عوامی پارٹی کی مرکزی نائب صدر سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کو کور کمانڈر 12 کور کوئٹہ تعینات ہونے پر مبارکباد دی ہے ۔ انہوں نے اپنے تہنیتی پیغام میں لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہادر اور پیشہ ور فوجی افسر ہیں اور ان کی زندگی وطن کے لئے خدمات اور کارناموں سے سجی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور پاک فوج میں ایک بڑے دلیر اور اصول پسند آفیسر کے طور پر جانے جاتے ہیں اور ان کی بطور کور کمانڈر 12 کور کوئٹہ تعیناتی بلوچستان کے لئے نہایت خوش آئند بات ہے ۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں دوسرے صوبوں کے مقابلے میں بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال خراب رہی لیکن پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی فورسز نے عزم و ہمت سے بلوچستان میں دہشت گردی پر قابو پاتے ہوئے دہشت گردوں کا اس خطہ سے صفایا کر دیا تھا۔ کچھ ناعاقبت اندیش اور چند پیسوں کے لئے اپنا ضمیر بیچنے والے مفاد پرست عناصر گاہے بگاہے بزدلانہ کارروائیاں کرتے ہیں جنہیں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ۔ان شرپسندوں کی بیخ کنی کے لئے پاک فوج اور سیکیورٹی ادارے ہمہ وقت مصروف ہیں ۔ پوری قوم بالخصوص بلوچستان کے عوام امن پسند ہیں اور صوبے میں دیرپا امن چاہتے ہیں اور اس مقصد کے لئے اپنی پاک افواج اور سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔بلوچستان کے عوام نئے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کو یقین دلاتے ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کے ہر اقدام کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور اس سلسلے میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اپنے بیان میں یقین ظاہر کیا کہ جس طرح لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور مختلف عہدوں پرکامیابی سے فرائض بخوبی سرانجام دیتے رہے ہیں وہ تسلسل جاری رہے گا اور بلوچستان ایک سچے اور محبت وطن پاکستانی اور بلوچستان سے محبت کرنے والے فوجی افسر کے تجربے اور دہشت گردوں کے خلاف پختہ عزم رکھنے والے وطن کے بیٹے کی قیادت میں امن کا گہوارہ بن جائے گا جس سے بلوچستان تیزرفتار ترقی کی راہ پر گامزن کا سفر تسلسل سے جاری رکھے گا۔ انہوں نے لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کی بطور ڈی جی آئی ایس پی آر، ڈائریکٹر ملٹری آپریشن ،جی ایچ کیو میں انسپکٹر جنرل کمیونیکیشن، سوات میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن اور کارگل کی جنگ میں ان کی جنگی اور قائدانہ صلاحیتوں اورخدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ جنر ل آصف غفور ایک بہادر افسر کے طور پر جانتے جاتے ہیں اور انہوں نے جس بھی عہدے پر کام کیا اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیاجو قابل ستائش ہیں۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ انہوں نے بطور ڈی جی آئی ایس پی آر اپنے فرائض منصبی نہایت احسن طریقے سے نبھائے اور دشمن کو اپنے رعب اور دبدبے سے بھرپور انداز میں باور کرایا کہ پاکستانی فوج اور قوم دشمنوں کے خلاف ایک پیج پر ہیں اور وطن کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے والے دشمنوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گااور جو ہم سے جو ٹکرائے گا پاش پاش ہوجائے گا۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہاکہ افواج پاکستان شیر دلیر اورجذبہ ایمانی سے لیس ہیں، پوری قوم اپنے شیروں کے ساتھ ہے۔ پاکستان کی سلامتی، ترقی، دفاع اور ہر بیرونی جارحیت کے خلاف پورا پاکستان ایک تھاایک ہے اورایک رہے گا۔پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور ہمیشہ دنیا میں امن کی بات کی ہے ۔ پاک افواج نے دنیا کو دکھایا امن پسندی ہماری کمزوری نہیں اور نہ ہی پاکستانی قوم کو کمزور سمجھا جائے ۔اگر کسی نے مادر وطن کی جانب میلی آنکھ سے دیکھا تو اسے عبرت کا نشان بنا دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام صوبے میں امن و امان اور تیز رفتار ترقی کے لئے پاک افواج کے ساتھ ہے اور اس مقصد کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں