غیرقانونی سامان زبردستی لوڈ کروانے کا نوٹس لیا جائے، گڈز ٹرانسپورٹ یونین چمن

چمن (انتخاب نیوز) گڈزٹرانسپورٹ و ٹرک یونین قلعہ عبداللہ کے صدر حاجی معصوم خان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ چمن ریلوے اراضی پر قائم غیرقانونی یارڈ پر چند افسران کی طرف سے ٹرک مالکان کو دوبارہ وزن اور غیرقانونی سامان زبردستی ٹرکوں میں لوڈ کرنے کا فوری نوٹس لیا جائے بصورت دیگر گڈز ٹرانسپورٹ و ٹرک یونین سخت احتجاج پر مجبور ہوگی۔ یہ بات انہوں نے افغان ٹرانزٹ کے صدر حاجی نعمت اللہ،نائب صدر سردار محمد،جنرل سیکرٹری اللہ محمد شادیزئی اور فنانس سیکرٹری حاجی فیض اللہ اوردیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔حاجی معصوم خان نے کہاکہ چمن ریلوے اراضی پر علی محمد نامی شخص نے ریلوے کے چند افسران کی ملی بھگت سے غیرقانونی یارڈ قائم کررکھا ہے جہاں ٹرک مالکان کودوبارہ وزن کرنے پر مجبورکیا جاتا ہے اور فی ٹرک وزن کرنے کا 1000روپے اور پارکنگ کے نام پر800روپے وصو ل کئے جاتے ہیں جو ٹرک مالکان کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے جس کی ہم کسی بھی صورت اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسکے علاوہ یارڈ میں ممنوعہ اشیاء جن میں آٹا،چینی، یوریا کھاد زبردستی لوڈ کرکے افغانستان اسمگل کی جاتی ہے جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان اٹھانا پڑتا ہے جس کے بارے میں کئی مرتبہ متعلقہ وفاقی اورصوبائی حکام کو تحریری شکایت کی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے اس کے علاوہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے کنٹینراسی یارڈ میں کھلتے ہیں جو دو طرفہ تجارتی معاہدے کی خلاف ورزی ہے چند افسران اپنے ذاتی فائدے کیلئے ملک کے تمام قوانین کو پاوں تلے روند ڈالتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گڈزٹرانسپورٹ و ٹرک یونین نے سینئر سول جج کی عدات میں کیس بھی دائر کیا اور عدالت نے علی محمد کو ٹرک مالکان کوناجائز رقم لینے سے روک دیا اور کسٹم افسران کو بھی پابند کیا ہے کہ وہ فیصلے پر عملدرآمد کرائیں ہم ڈپٹی کمشنر چمن اوردیگرحکام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد کراتے ہوئے ٹرک مالکان کو زبردستی وزن کرانے اور پارکنگ کے نام پر بھتگہ لینے سے نجات دلانے میں اپنا کردار ادا کریں بصورت دیگر گڈزٹرانسپورٹ و ٹرک یونین سخت احتجاج پر مجبورہوگی۔ انہوں نے ٹرک یونین و پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے عہدیداران چمن بار کے صدر محمد ایوب ایڈوکیٹ، جنرل سیکرٹری عنایت اللہ ایڈوکیٹ کا عدالت مں رہنمائی کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں