کے الیکٹرک کی جانب سے ناروا لوڈشیڈنگ کے باعث صارفین کی زندگی اجیرن
کراچی (انتخاب نیوز) کے الیکٹرک کی جانب سے جاری ناروا لوڈشیڈنگ کے باعث شہری عذاب میں مبتلا ہوگئے، شہر کے مختلف علاقوں میں کے الیکٹرک کے خلاف شدید احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے، بیشتر علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 15 گھنٹے سے بھی زائد ہوگیا، اولڈ سٹی ایریا سمیت شہر کے معروف تجارتی علاقوں میں کے الیکٹرک نے ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کررکھا ہے، شدید گرمی اور حبس کے موسم میں دوپہر 12 بجے بجلی بند کرکے ڈیڑھ بجے بحال کرتے ہی 10 سیکنڈ میں دوبارہ بجلی بند کردی گئی، اسی طرح ڈھائی بجے بجلی بحال کرتے ہی 10 سیکنڈ بعد پھر بجلی منقطع کردی گئی،شام تک کئی بار یہ سلسلہ جاری رہا، صارفین کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے بار بار بجلی بند اور بحال کرتے ہوئے نہ صرف صارفین کے ڈیجیٹل میٹر پر غیرقانونی طریقے سے یونٹ بڑھائے گئے بلکہ بیشتر صارفین کے برقی آلات بھی خراب ہوجانے کی اطلاعات موصول ہوئیں، گلستان جوہر، ملیر، سعودآباد، ماڈل کالونی، قائد آباد، شاہ لطیف ٹاؤن ،نیو کراچی، بنارس، قصبہ کالونی، اورنگی ٹاؤن میں بجلی بندش کا دوانیہ 15 گھنتے تک تجاوز کرگیا، گلستان جوہر بلاک 16,17,18 میں خواتین اور بچے مجبور ہوکر سڑکوں پر نکل آئے، گلستان جوہر،نیو کراچی،یو پی سوسائٹی، قصبہ کالونی، اورنگی ٹاؤن میں روزانہ 4 بار 2 سے 3 گھنٹے کی لوڈ شیدنگ کی جاتی ہے، ناروا لوڈ شیڈنگ کے باعث پانی کی قلت پیدا ہونے کے ساتھ ساری رات بجلی کی آنکھ مچولی سے بچوں کی نیند خراب ہونے سے ان کی تعلیم بھی متاثر ہو رہی ہے۔صارفین نے حکومت سے نوٹس لیتے ہوئے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے اور ایسٹ انڈیا کمپنی کا روپ دھارنے والی کے الیکٹر ک لائسنس منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔


