ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹوروں پر دالوں کی قیمتوں میں اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان سمیت ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر دالوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا، اس سے قبل یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کی اشیا بھی مہنگی کردی گئی تھیں۔ تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر دالوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا، یوٹیلیٹی اسٹورز پر دالیں 48 روپے تک فی کلو مہنگی کردی گئیں۔ قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کالے چنے کی فی کلو قیمت میں 48 روپے کا اضافہ کردیا گیا جس کے بعد کالے چنے کی قیمت 172 سے بڑھ کر 220 روپے فی کلو ہوگئی۔ دال مسور کی فی کلو قیمت 270 روپے سے بڑھ کر 310 روپے، سرخ لوبیا کی فی کلو قیمت 235 سے بڑھ کر 270 روپے فی کلو اور ثابت مسور دال کی فی کلو قیمت 275 روپے سے بڑھ کر 310 روپے ہوگئی۔ دال مونگ کی فی کلو قیمت بھی 30 روپے اضافے کے بعد 170 روپے سے بڑھ کر 200 روپے فی کلو ہوگئی ایک طرف مہنگائی جبکہ دوسری طرف یوٹیلیٹی سٹورز پر قیمتوں میں اضافے نے عوام کومشکل میں ڈال دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں