شہباز گل کو اس طرح کا بیان دینے پر ڈانٹا تھا، عمران بھی مذمت کریں، پرویز الٰہی
لاہور (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور دیگر رہنماؤں کو شہباز گل کے بیان کی مذمت کرنی چاہیے۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہباز گل کے بیان سے پی ٹی آئی کو کافی نقصان ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے شہباز گل کو اس طرح کا بیان دینے پر ڈانٹا تھا۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان کا مؤقف ہے کہ جو فوج کیخلاف ہو وہ پاکستانی نہیں ہوسکتا، اس لیے پی ٹی آئی کی قیادت کو فوری طور پر شہباز گل کے بیان سے الگ ہونا چاہیے۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا تھا کہ افواج پاکستان سرحدوں کی حفاظت کی ضامن ہے اور ہمارا فخر ہے۔ فوج کیخلاف پروپیگنڈا ملک دشمن ہی کرسکتا ہے جو کوئی بھی فوج کیخلاف بات کرتا ہے اس کو ڈکلیئر کیا جائے کہ وہ پاکستان اور دین اسلام کا دشمن ہے۔ کسی بھی شکل میں افواج پاکستان کیخلاف بات نہیں کر سکتے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ن لیگ والے غلط اور بے بنیاد پروپیگنڈا کررہے ہیں۔ عمران خان، تحریک انصاف اور ہم افواج پاکستان کے ساتھ ہیں۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ کسی کو بھی فوج کا نام بدنام کرکے سیاسی مقاصد حاصل کرنے نہیں دیں گے۔ ن لیگ کے میڈیا سیل سے جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔


