لاہور ہائیکورٹ میں وزیراعظم کی نااہلی درخواست خارج، درخواست گزار کی سرزنش
لاہور (انتخاب نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزراءکی نااہلی کے لیے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی دوران سماعت عدالت نے درخواست گزار پی ٹی آئی کے وکیل کی سرزنش کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپکو معلوم ہی نہیں ہے الیکشن کمیشن کس قانون کے تحت وزیراعظم نااہل قرار دے سکتا ہے جسٹس شاہد وحید نے تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس کی درخواست پر سماعت کی دوران سماعت عدالت نے درخواست گزار کے وکیل اسد منظور بٹ سے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن کس اختیار کے تحت وزیراعظم کو نااہل کر سکتا ہے جس پر وکیل نے جواب دیا مجھے وقت دے دیں عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کیا وقت دیں،آپ نے چھٹیوں کے دوران کیس کیا،تیاری ہی نہیں کی عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ نے چھٹیوں میں آفس پر زور ڈال کر یہ پٹیشن لگوائی ہے لیکن آپ کو معلوم ہی نہیں کس قانون کے تحت وزیراعظم یا وزرا کو الیکشن کمیشن نااہل کر سکتا ہے درخواست گذار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ مجھے تھوڑا وقت دے دیں ہم درخواست میں ترمیم کر کے دوبارہ دائر کر دیتے ہیں جسٹس شاہد وحید نے ریمارکس دئیے کہ بہتر ہے آپ درخواست واپس لیکر دوبارہ دائر کریں آپ موکل کو گائیڈ کیے بغیر عدالت میں لے آتے ہیں عدالت نے درخواست خارج کردی تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس نے وزیر اعظم شہباز کی نا اہلی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔


