سیلاب سے متاثرہ 15 لاکھ خاندانوں کو فی خاندان 25 ہزار روپے دیئے جائیں گے، شازیہ مری

کراچی(انتخاب نیوز)وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ 15 لاکھ خاندانوں کو فی خاندان 25 ہزار روپے دیئے جائیں گے اور اس کے لئے 37ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا ہے کہ بارش سے متاثرہ 15 لاکھ خاندانوں کو فی خاندان 25 ہزار روپے دئے جائیں گے اور اس کے لئے 37 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کیلئے کوشاں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک ریلیف کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کی ہے جس کی سربراہی احسن اقبال کر رہے ہیں جبکہ قمر الزمان کائرہ اور دیگر سرکاری حکام بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ڈی سی آفیسز نقصانات کا سروے کر رہے ہیں، این ڈی ایم اے اضلاع سے ڈیٹا لے کر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے کرے گا،بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے متاثرین تک امدادی رقم پہنچائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پورا ڈیٹا سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے صوبہ بلوچستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 25 اضلاع متاثرہوئے ہیں اورسندھ کے 9 اضلاع کے علاوہ مزید بارشوں سے سندھ کے کئی اور اضلاع بھی متاثر ہوئے ہیں، خیبرپختونخوا اورملک کے دیگر علاقوں میں بھی نقصان ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں