گوادر میں سیاحت کیلئے عالمی معیار کی کمپنیوں سے درخواستیں موصول

گوادر (انتخاب نیوز) گوادر کی پہلی ”پالیسی برائے سیاحت“ کے تحت ”سیاحتی فیری سروس“، ”سیاحتی فیسٹول“ اور ”ثقافتی سیاحت“ کے منصوبوں پر پیشرفت کیلئے 5 عالمی معیار کی کمپنیوں کی درخواستیں موصول ہوگئیں۔ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی ان تمام درخواستوں کا بغور جائزہ لے کر متعلقہ کمپنی کو کنٹریک ایوارڈ کرے گی۔ گوادر کی سیاحتی حکمت عملی کے بنیادی اصول گوادر اسمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان 2017-2050ء کے زیر سایہ رہیں گے۔ اس ضمن میں گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسر سرمایہ کاری و خریداری ارسلان علی جو کہ گوادر سیاحتی حکمت عملی کو بنا رہے ہیں نے بتایا کہ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں تمام درخواستیں 12 اگست تک جمع ہوگئی تھیں۔ گوادر سیاحتی حکمت عملی کے تحت گوادر اس کے ملحقہ علاقوں اور ایران تک ایک ”فیری سروس“ کا منصوبہ ہے۔ اس کے تحت سیاحتی میلوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا، تاکہ سیاحوں کو گوادر کے فیسٹول، میلوں اور دیگر علاقائی تقریبات بارے آگاہی حاصل ہوسکے اور ان سے مانوسیت کو اجاگر کیا جاسکے۔ اس ضمن میں ثقافتی سیاحت کی داغ بیل ڈالنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔ اس سے سیاحوں کو گوادر کے کلچر، بودو باش اور تہذیب و تمدن کا علم ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں