غرب اردن میں جھڑپیں، اسرائیلی فائرنگ ،شیلنگ، متعددفلسطینی زخمی
قلقیلیہ(مانیٹرنگ ڈیسک)فلسطین کے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج کی جانب سے یہودی آباد کاری کے خلاف جیلوں میں قید فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے نکالی جانے والی ریلیوں فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ نابلس کے جنوب میں بیتہ قصبے میں جبل صبیح کے قرب و جوار میں قابض فوج کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔اس دوران نوجوانوں نے ربڑ کے ٹائر جلائے اور قابض فوجیوں پر پتھراﺅ کیا۔نابلس کے مشرق میں بیت دجن میں قابض فوج نے ہفتہ وار آبادکاری مخالف ریلی پر فائرنگ کی اور احتجاجی جلوس منتشر کردیا۔ قابض فوج نے نہتے فلسطینی مظاہرین پرآنسوگیس کی شیلنگ کی۔ قابض فوج نے علاقے میں موجود جوانوں کا تعاقب کیا اور ان پر زہریلی گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں 8 شہری دم گھٹنے سے بے ہوش ہوگئے۔قلقیلیہ میں قابض فورسز کی جانب سے کفر قدوم میں ہفتہ وار یہودی آباد کاری مخالف مارچ کو کچلنے کے بعد جھڑپیں شروع ہوئیں جس کے نتیجے میں ایک صحافی سمیت 5 شہری ربڑ کی گولیوں سے زخمی اور متعدد شہری زہریلی گیس سے دم گھٹنے سے متاثر ہوئے۔غرب اردن کے شمالی شہروں طولکرم اور نابلس میں بھی اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔


