وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار کا ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کا دورہ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار، محمد اسرار ترین نے عہدہ سنبھالنے کے بعد ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کا دورہ کیا۔ آمد پر ڈائریکٹر جنرل ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (DEPO)، میجر جنرل محمد عارف ملک نے ان کا استقبال کیا۔وزیر کو ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کے کردار اور کراچی ایکسپو سینٹر میں 15 سے 18 نومبر 2022 ء تک ہونے والی بین الاقوامی دفاعی نمائش اور سیمینار آئیڈیاز 2022 ء کے 11ویں ایڈیشن کے لیے جاری تیاریوں کے بارے میں بتایا گیا۔ بریفنگ کے دوران اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ ایونٹ اپنی روایات کے مطابق شاندار سرگرمیوں کی میزبانی کرے گا جس میں دنیا کے جدید ترین دفاعی ٹیکنالوجی کے مظاہرے، بین الاقوامی سیمینار اور منصوبہ بندی کے تحت B2B اور B2G کے ذریعے کاروباری توسیع شامل ہے۔ اس کے علاوہ سی ویو(نشان پاکستان)پر کراچی کے لوگوں کے لیے خصوصی طور پر کراچی شو کا اہتمام کیا جائے گا۔ بریفنگ کے بعد وزیر نے اسٹیٹ آف دی آرٹ ڈیپو ڈسپلے سینٹر کا دورہ کیا اور ڈسپلے سنٹر میں پاکستان کی دفاعی مصنوعات کی نمائش کے معیار اور خصوصیات کو سراہا۔وفاقی وزیر نے آئیڈیاز 2022ء کے کامیاب انعقاد کے لیے ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ تقریب بین الاقوامی برادری کے ساتھ پاکستان کے اسٹریٹجک تعلقات کو فروغ دینے اور عالمی امن و استحکام کے مشترکہ مقاصد کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گی۔


