پاکستان کو سیلاب سے متعلق امداد اور تعمیر نو میں مزید مدد دیں گے، چین

بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے پاکستان کو سیلاب سے متعلق مزید امداد اور تعمیر نو میں مدد دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی موسمیاتی رد عمل میں پاکستان سے تعاون جاری رکھیں گے، امید ہے کہ پاکستانی اس آفت پر قابو پالیں گے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژالی جیان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ چین پاکستان کو سیلاب سے متعلق امداد اور تعمیر نو میں مزید مدد دےگا، پاکستان میں تباہ کن سیلاب کی معلومات دل دہلا دینے والی ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ چین اور پاکستان موسمیاتی تزویراتی تعاون میں شراکت دار ہیں اور ایک دوسرے کے خوشی غم میں شریک ہیں۔ مشکل وقت میں دل کی گہرائیوں کے ساتھ پاکستان کے ساتھ ہیں۔ ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ وانگ ای نے پاکستانی ہم منصب سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا ہے۔ ژالی جیان کا کہنا ہے کہ چین نے پاکستان کو 4 ہزار خیمے، 50 ہزار کمبل اور 50 ہزار ترپالیں فراہم کی ہیں، پاکستان کو ہنگامی انسانی امداد کی اضافی کھیپ دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ چینی ریڈ کراس پاکستان ریڈ کریسنٹ کو 3 لاکھ امریکی ڈالر نقد دے گی۔ آل پاکستانی چائنیز انٹر پرائزز ایسوسی ایشن نے سیلاب ریلیف فنڈ میں ڈیڑھ کروڑ روپے عطیہ دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق چین کو امید ہے کہ پاکستانی اس آفت پر قابو پالیں گے اور جلد ہی اپنے گھر دوبارہ تعمیر کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں