بلوچستان، بارشوں اور سیلابی ریلوں نے ریل کا پہیہ پھر جام کردیا
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان میں بارشوں اور سیلابی ریلوں نے صوبے میں ریل کے پہیہ کو ایک مرتبہ پھر جام کردیا، نصیر آباد میں ریلوے ٹریک بہہ جانے اور ہرک ریلوے پل ٹوٹ جانے سے صوبے سے اندرون ملک کیلئے ٹرین سروس دس روز سے اور ایران کیلئے ایک ماہ سے معطل ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق اگلے پندرہ روز تک صوبے کیلئے ٹرین سروس بحال ہونے کا امکان نہیں ہے۔ریلوے حکام کے مطابق 29جولائی کو چاغی میں سیلابی ریلوں کے باعث بہہ جانے والی کوئٹہ تفتان سیکشن کی مرمت ایک ماہ گزرنے کے باوجود مکمل نہ ہوسکی جس کی وجہ سے ایران کیلئے ٹرین سروس بند ہے بلوچستان کے علاقے نصیر آباد میں سبی جیکب اباد ریلویسیکشن پر سیلابی ریلوں کے بعد پڑنے والے شگاف کے باعث اندرون ملک کیلئے دس روز سے ٹرین سروس بند تھی کہ پانچ روز قبل ہرک پل بھی گرگیا جس کی وجہ سے ٹڑین سروس بدستور معطل ہے۔اس حوالے سے ڈی ایس ریلویز کوئٹہ نثا ر احمد خان نے بتایا کہ منگل کو چیف انجینئر برج کی سربراہی میں لاہور سے ٹیم آرہی ہے جو این ایل سی کے ساتھ مذاکرت ہرک پل کاجائزہ لے گی جسکے بعد معلوم ہوسکے گا ہرک پل کی مرمت کا کام کب شروع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس پل کی مکمل مرمت میں کم ازکم تین ماہ کا وقت درکار ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ نصیر آباد میں ریلوے ٹریک کی مرمت میں مزید پندرہ دن لگ سکتے ہیں۔


