کوئٹہ، خوست دھرنا کمیٹی کے مطالبات کی حمایت میں سیاسی پارٹیوں کا اجلاس
کوئٹہ (انتخاب نیوز) خوست دھرنا کمیٹی کے مطالبات کی حمایت میں سیاسی پارٹیوں کا اجلاس پشتونخوامیپ کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پشتونخوامیپ کے سینئر ڈپٹی چیئرمین عبدالرحیم زیارتوال کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جس میں خوست دھرنا کمیٹی کے مطالبات کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے مختلف نکات پر بحث ومباحثہ ہوا اور فیصلے کیئے گئے۔ اجلاس کے جاری کردہ بیان میں 2ستمبر کو زیارت بازار میں ہونیوالا احتجاجی جلسہ راستوں کی بندش کے باعث منسوخ کیا گیا اور نئے شیڈول کے مطابق 2ستمبر کو قلعہ سیف اللہ بازار، 3ستمبر کو لورالائی بازار اور 4ستمبر کو ژوب بازار میں احتجاجی مظاہرے اور احتجاجی جلسے ہونگے۔جبکہ 6ستمبر کو شام 5بجے این ڈی ایم کوئٹہ کے دفتر میں سیاسی پارٹیوں کا مشترکہ اجلاس ہوگا۔ اجلاس کے جاری کردہ بیان میں حکومت اور حکام پر واضح کیا گیا ہے کہ خوست دھرناکمیٹی کے تمام مطالبات کو فوری طورپر تسلیم کرکے اْن پر عملدرآمد کیا جائے اور مطالبات تسلیم نہ کرنے کی صورت میں احتجاجی تحریک میں مزید وسعت پیدا کی جائیگی۔ بیان میں جن اضلاع کا شیڈول اعلان کیا گیا ہے اْن اضلاع کے پارٹی رہنماء فوری طور پر اجلاسوں کا انعقاد کرکے احتجاجی مظاہروں اور احتجاجی جلسوں کی تیاریاں شروع کریں۔ اور جن اضلاع کا شیڈول جاری نہیں کیا گیا ہے اگلے مرحلے کے احتجاج کیلئے وہ اضلاع بھی تیاریاں شروع کریں۔ اجلاس میں پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سینئر ڈپٹی چیئرمین عبدالرحیم زیارتوال، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں مابت کاکا، سید عبدالباری آغا،نظر علی پیر علیزئی، پی ٹی ایم کے رہنماؤں نور باچا، زبیر شاہ آغا، این ڈی ایم کے رہنماؤں مزمل خان،ایمل خان ناصر، عبدالمالک بہار، شیر اسلام، پشتونخوامیپ کے محمد عیسیٰ روشان، خوشحال کاسی، خوشحال کاکڑاور ندا سنگر نے شرکت کی۔


