بلوچستان میں بجلی کی بندش سے متاثرہ صارفین کی مشکلات کا ازالہ کیا جائے، مجید مہمند

کوئٹہ (انتخاب نیوز) ایڈیشنل وفاقی سیکرٹری برائے توانائی (پاور ڈویژن) حکومت پاکستان ارشد مجید مہمندنے صوبے میں بجلی کی موجودہ صورتحال اوربحالی سے متعلق کیسکو ہیڈکوارٹرز میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدار ت کی۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوانجینئر عبدالکریم جمالی کے علاوہ کیسکوکے سینئر مینجمنٹ کے افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری برائے توانائی پاور ڈویژن نے کیسکوافسران سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان، وزارت توانائی (پاورڈویژن) کی خصوصی ہدایات کے مطابق صوبے میں بجلی بحالی کام کو جلد ازجلد مکمل کرکے صارفین کو ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ مشکل کی اس گھڑی میں تمام متاثرہ اضلاع کے صارفین کو ریلیف دینا ہمار ی اولین ترجیح ہے اوراس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کارلاتے ہوئے مرمت وبحالی کے کام کوتیز کرکے بجلی بحال کریں۔انہوں نے کہاکہ 132Kvسبی ٹو کوئٹہ ڈبل سرکٹ ٹرانسمیشن لائن کے ٹاوروں کی مرمت وبحالی کاکام مکمل ہونے سے صوبہ کے تمام متاثرہ اضلاع کوکافی ریلیف ملے گا،انہوں نے کیسکو حکام کو سختی سے ہدایات کیں کہ مرمت وبحالی کے کام کوجمعہ کی رات تک مکمل کرکے بجلی بحال کریں۔انہوں نے مزیدکہاکہ حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے بجلی کی بندش سے صوبہ کے تمام صارفین کو مشکلات کاسامناہے جس کا ازالہ کیاجائے۔ارشدمجید مہمند نے مزیدکہاکہ کوئٹہ شہراور گردونواح میں بارش اور سیلاب سے متاثرہ 11Kv فیڈروں کی مرمت وبحالی کاکام بھی جلد مکمل کرکے صارفین کی شکایات کا ازالہ ممکن بنایاجائے۔ایڈیشنل وفاقی سیکریٹری برائے توانائی نے کہاکہ 220Kvدادو۔خضدار اور 220Kvسبی ٹو کوئٹہ ٹرانسمیشن لائنزپراین ٹی ڈی سی کی جانب سے متاثرہ ٹرانسمیشن پر تیزی سے کام جاری ہے۔لہذا 220Kvکے دونوں سرکٹ کی بحالی کے بعد ہی صوبہ میں بجلی کی صورتحال معمول پر آنے کے علاوہ تمام متاثرہ اضلاع کے علاقوں کے صارفین کو بڑی حد تک ریلیف بھی ملے گا۔واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایات پر ایڈیشنل وفاقی سیکرٹری برائے توانائی پاور ڈویژن ارشد مجید مہمند صوبہ بلوچستان میں بجلی بحالی کے کے لئے کیسکواور این ٹی ڈی سی کے کاموں کی نگرانی کیلئے کوئٹہ میں موجود ہیں اور بحالی کے کام کے رفتارکابھی جائزہ لے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں