عمران خان کے سازش والے الزامات میں سچائی نہیں،ڈیرک شولے

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ کے مشیر ڈیرک شولے نے کہا ہے کہ عمران خان کے سازش والے الزامات میں سچائی نہیں ہے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے مشیر ڈیرک شولے نے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان اہم ملک ہے، کوئی بھی حکومت ہو اس سے تعلقات و تعاون جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے پاکستان سے تعلقات کثیر جہتی ہیں اور یہ تعلقات صرف افغانستان تک محدود نہیں۔ انہوں نے کہا سیکورٹی اور اقتصادی تعاون اور سیلاب زدگان کیلئے امداد امریکی عزم کا اظہار ہے۔ ڈیرک شولے نے کہا کہ انسداد دہشت گردی آپریشن میں پاکستان اہم حلیف رہا، پاک امریکا فوجی تعاون مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے علاوہ بھی تخریب کاری سے نمٹنا ہمارے مشترکہ مفاد میں ہے، انسداد دہشتگردی آپریشن میں پاکستان کا ساتھ ماضی میں رہا، امید ہے آگے بھی رہے گا۔ ڈیرک شولے نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان صحت کے شعبے میں پہلا ڈائیلاگ منعقد ہوا ہے، امریکا پاکستان سے تعاون کیلئے پرعزم ہے، پاکستان امریکا کے 75 سالہ سفارتی تعلقات ہیں، امید ہے آنے والے برسوں میں بھی ایسا رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں