فرح عظیم شاہ بلوچستان حکومت کی کوآرڈینیٹر غیر ملکی امداد برائے سیلاب متاثرین مقرر

کوئٹہ (انتخاب نیوز) فرح عظیم شاہ بلوچستان حکومت کی کوآرڈینیٹر غیر ملکی امداد برائے سیلاب متاثرین مقرر۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ترجمان بلوچستان حکومت فرح عظیم شاہ کو کوآرڈینیٹر بابت غیر ملکی امداد برائے سیلاب متاثرین مقرر کردیا ہے تاکہ دنیا بھر میں پاکستان کے دوست ممالک اور غیر سرکاری رفاہی تنظیمیوں سے بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے متعلق ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے مؤثر رابطہ کاری کو فروغ دیا جاسکے۔ فرح عظیم شاہ اس سے قبل رکن بلوچستان اسمبلی اور ایمان ٹرسٹ کی سربراہ بھی رہ چکی ہیں۔ ریلیف اور ریسکیو سے وابستہ غیر سرکاری تنظیموں کے عہدیداروں اور عوامی وسماجی حلقوں نے بلوچستان حکومت کی جانب سے فرح عظیم شاہ کو کوآرڈینیٹر غیر ملکی امداد برائے سیلاب متاثرین بلوچستان مقرر کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان بھر میں مون سون کی شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کی وجہ سے لاکھوں متاثرین بے گھر اور امداد کے منتظر ہیں اور چونکہ متاثرین کی بحالی و امداد ڈونرز ایجنسیوں اور دوست ممالک کی معاونت کے بغیر ہرگز ممکن نہیں ہے اور اب بلوچستان حکومت نے بروقت فیصلہ کرتے ہوئے فرح عظیم شاہ کو بلوچستان حکومت کی کوآرڈینیٹر غیر ملکی امداد برائے سیلاب متاثرین مقرر کردیا ہے، جس سے ڈونرز ایجنسیوں اور رفاہی اداروں کو حکومت اور متاثرین کی معاونت کرنے میں آسانی ہوگی اور فرح عظیم شاہ ماضی کی طرح ایک بار پھر اپنی خدادا صلاحیتوں کی بدولت کماحقہ اپنے فرائض منصبی بخوبی سرانجام دیتے ہوئے بارشوں اور سیلابی صورتحال کے شکار لاکھوں مرد وخواتین کی آواز بن کر مشکل کی اس گھڑی میں بلوچستان و پاکستان کی ترجمانی احسن طریقے سے نبھائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں