عدالتیں لوگوں کو انصاف کی فراہمی کیلئے کرادر ادا کررہی ہیں، چیف جسٹس بلوچستان
گوادر (انتخاب نیوز) چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس نعیم اختر افغان نے کہاہے کہ آئین اور قانون کی بالادستی سمیت فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کے لیے بنچ اور بار کا کردار اہم ہوتا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر کے دورہ کے موقع پر گوادر بار کے وکلا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اعلیٰ عدلیہ اور ضلعی عدالتیں لوگوں کو انصاف کی فراہمی کے لیے کرادر ادا کررہی ہیں۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے گوادر بار میں وکلا سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے، انہوں نے کہا کہ وکلا کو درپیش تمام مسائل زیر غور لائے جائیں گے، چیف جسٹس بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ بار اور بینچ ایک دوسرے کے ساتھ منسلک ہیں لہٰذا وکلا اپنی محنت جاری رکھیں جس سے نہ صرف بار اور بنچ کی توقیر میں اضافہ ہوگا بلکہ لوگوں کو بھی انصاف کی فراہمی میں حائل مشکلات دور ہوں گے۔ قبل ازیں چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نعیم اختر افغان نے سیشن کورٹ گوادر کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر بلوچستان ہائی کورٹ کے ججز جسٹس عبدالحمید بلوچ اور جسٹس سردار احمد حلیمی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ جہاں پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے ان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعدازاں چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے ضلعی عدالتوں کا معائنہ کیا اور ریکارڈ چیک کیے۔ انہوں نے جوڈیشل افسران کو زیر التوا مقدمات فوری نمٹانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالوحید بادینی، ایڈیشنل سیشن جج محمد اقبال اور سینئر سول جج غلام قادر شاہ بخاری سمیت جوڈیشل مجسٹریٹ ون گوادر محمد مراد جوڈیشل مجسٹریٹ ٹو شہنواز لانگو جوڈیشل مجسٹریٹ جیوانی اظہر الدین بلوچ نے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کو اپنی اپنی عدلتوں میں کیسز اور اس سلسلے میں اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ دریں اثنا چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نے گوادر کورٹ کمپلیکس میں چھت کی مرمت کے لیے چیف انجینئر سی اینڈ ڈبلیو کو موقع پر احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ چھت کے کام کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جائے۔ گوادر میں جوڈیشل لاک اپ گوادر کا بھی چیف جسٹس نعیم اختر افغان نے دورہ کیا اور قیدیوں کو میسر سہولیات کا جائزہ لیا اور قیدیوں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ اس موقع پر چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نعیم اختر افغان نے جوڈیشل لاک اپ میں قیدیوں کو عدم سولہات کی فراہمی پر برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو فوری طور پر جوڈیشل لاک اپ میں قیدیوں کو سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے ایم ایس سول ہسپتال گوادر کی طلبی کی انہوں نے قیدیوں کو درپیش مسائل کے بارے میں ڈی آئی جی جیل خانہ جات سید عبدالرزاق شاہ سے بھی تبادلہ خیال کیا۔


