کم عمری کی شادی کا مسئلہ قانون سازی سے نہیں عوامی شعور سے حل ہوگا، اسلامی نظریاتی کونسل
اسلام آباد (انتخاب نیوز) چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ کم عمری کی شادی کے تدارک اور حوصلہ شکنی کے لیے کام شروع کر دیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کم عمری کی شادی کا مسئلہ آج سے نہیں 1929ءسے چل رہا ہے، یہ مسئلہ قانون سازی کی بجائے عوامی شعور سے حل ہو گا۔قبلہ ایاز نے کہا کہ وزارتِ مذہبی امور کے ساتھ اس مسئلے کے حل کے لیے جید علماءکے ساتھ بیٹھ کر کام شروع کیا گیا ہے، ایک تیکنیکی کمیٹی میں تمام مکاتبِ فکر کے علمائ، مشائخ اور ماہرین کام کر رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ کم عمری کی شادی مسائل سے خالی نہیں، جس کے نفسیاتی، معاشرتی اور طبی مسائل ہیں، جبری شادیوں کا مسئلہ زیادہ تر سندھ میں ہے۔چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ سندھ میں کئی بچیوں کی تبدیلی مذہب کے ساتھ شادیوں کے مسائل سامنے آئے ہیں، کم عمری میں اسلام قبول کرنے کی کوئی ممانعت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ جبری تبدیلی مذہب کی کوئی گنجائش نہیں ہے، اغواءاور پھر جبری تبدیلی مذہب خالصتاً معاشرتی اور عدالتی مسائل ہیں۔قبلہ ایاز نے کہا کہ اغواءکرنا ایک غیر قانونی عمل ہے، اس پر کیس چلنا چاہیے اور سزا بھی ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل سیاسی مفاہمت کرانے کے لیے تیار ہے، کونسل حکومت و اپوزیشن کو ایک جگہ بٹھانے کے لیے کردار ادا کر سکتی ہے۔اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز نے کہا کہ ریاستی مفادات میں کچھ امور اور میدان ایسے ہیں جہاں اشتراکِ عمل ضروری ہے۔


