اماراتی ایوی ایشن کا افغانستان کیساتھ فضائی ٹریفک کے انتظام کا معاہدہ
ابوظہبی (انتخاب نیوز) متحدہ عرب امارات کی فرم جی اے اے سی نے افغانستان کی طالبان حکومت کے ساتھ ملک بھر میں فضائی ٹریفک کے انتظام کے ایک معاہدے پر دست خط کیے ہیں۔طالبان حکومت ملک میں بین الاقوامی پروازوں کی توسیع چاہتی ہے۔اس مقصد کے لیے وہ دارالحکومت کابل کے ہوائی اڈے کو مکمل فعال بنانا چاہتی ہے۔اس ہوائی اڈے کی مکمل بحالی افغانستان کی زبوں حال معیشت کو سنبھالا دینے کے لیے انتہائی اہم سمجھی جاتی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ابوظبی میں قائم جی اے اے سی نے اس ضمن میں کابل میں طالبان حکام کے ساتھ ایک معاہدے پر دست خط کیے ہیں ۔اس معاہدے کی مالیت 30 کروڑ ڈالر سے زیادہ ہے۔ جی اے اے سی اس کے تحت جنگ زدہ ملک میں شہری ہوابازی کے شعبے کو ترقی دینے کے لیے 10 سال کی مدت میں سرمایہ کاری کرے گی۔کمپنی کے علاقائی سربراہ ابراہیم معرافی نے کابل میں ایک پریس کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا کہ یہ معاہدہ جی اے اے سی کوبین الاقوامی فضائی کمپنیوں کی منظوری کے لیے فضائی حدود کو فعال کرنےکی اجازت دیتا ہے۔انھوں نے بتایا کہ یہ معاہدہ جی اے اے سی کو افغانستان کے ہوائی اڈوں پر بڑی بین الاقوامی فضائی کمپنیوں کی واپسی کے لیے درکار نیوی گیشن خدمات کو بحال کرنے کی بھی اجازت دیتا ہے۔اس میں ایئر ٹریفک کنٹرول، مواصلات ،نگرانی کا نظام اور موسمیاتی خدمات شامل ہیں۔


