سیلاب متاثرین کی مالی مدد کرنے پریو ایس ایڈ کے شکر گزار ہیں،مسعود خان
واشنگٹن(انتخاب نیوز)امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد پریو ایس ایڈ کے انتہائی شکر گزار ہیں۔امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے سیلاب سے نمٹنے کے لیے 20 ملین ڈالر کی اضافی مالی امداد کے اعلان پر امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی(یو ایس ایڈ) کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اس اضافی امداد کے اعلان کے ساتھ امریکی امداد کا کل حجم 51.1 ملین ڈالر تک پہنچ گیا، سمانتھا پاور کے پاکستان کے دورے اور اضافی امداد کے اعلان پر سفیر پاکستان نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں آپ کی پاکستان میں موجودگی اور سیلاب زدگان کے لیے امداد بڑھانے پر پاکستانی عوام آپ کے شکرگزارہیں۔سفیر پاکستان نے کہا کہ سمانتھا پاور ایک متحرک لیڈر ہیں جنہوں نے ہمیشہ انسانی ہمدردی کے مقاصد کی علمبردار رہی ہیں۔یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھاپاور اس وقت پاکستان میں سیلاب کی حالیہ صورتحال کا جائزہ لینے، متاثرہ افراد سے ملنے اور مشکل وقت میں گھرے پاکستانی عوام کی مشکلات کو دور کرنے کےلئے امریکی امداد کو بڑھانے کے حوالے سے ممکنات پر غور کرنے پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں۔پاکستان میں سیلابی آفت اور اسکی شدت کو دیکھنے کے بعد اپنے تجربات کا اظہار کرتے ہوئے ۔سمانتھا پاور نے ٹویٹ کیا کہ انہوں نے کبھی سطح زمین پر اتنا سیلابی پانی نہیں دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ گلیشیئرز کے پگھلنے اور مون سون کی بارشوں کی وجہ سے پاکستان کا ایک تہائی حصہ زیر آب ہے ۔انہوں نے کہا یو ایس ایڈ کی ٹیم متاثرہ افراد کو خوراک، پناہ گاہ اور ادویات کی فراہمی کے حوالے سے حکومتی کاوشوں میں معاونت فراہم کر رہی ہے۔ایک اور ٹویٹ میں سمانتھا پاور نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب کی شدت اور تباہی کو بیان کرنا بہت مشکل ہے۔اعدادوشمار کے مطابق سیلاب سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 33 ملین جبکہ 1300 سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں جن میں ایک تہائی حصہ بچوں پر مشتمل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 750 ہزار مویشی ہلاک ہوئے ہیں ، 17 لاکھ گھر تباہ ہوئے ہیں اور17,500سکولوں کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ لاتعداد گاں زیر آب آ گئے ہیں۔سمانتھا پاورکے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے مسعود خان نے پاکستان میں جاری حالیہ سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں میں بے حد تعاون اور انکی ذاتی قیادت پر سمانتھا پاورکا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم آپ کے اور یو ایس ایڈ کے انتہائی شکر گزار ہیں۔سفیر پاکستان مسعود خان نے 26 اگست 2022 کو سمانتھا پاور کو لکھے گئے خط میں انہیں سیلاب کی آفت کے پیمانے اور اس سے وسیع پیمانے پر ہونے والی تباہی سے آگاہ کیا تھا۔سفیر پاکستان نے کہا کہ یو ایس ایڈ روایتی طور پر سماجی ترقی اور تعلیم سمیت متعدد شعبوں میں مدد فراہم کر کے پاکستان امریکہ تعلقات کو فروغ دینے میں بہترین کردار ادا کر تارہا ہے۔سفیر پاکستان نے 2005 کے زلزلے اور 2010 کے سیلاب کے دوران یو ایس ایڈ کی طرف سے فراہم کی گئی امداد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام آپ کے تاریخی امدادی اقدام کو یاد رکھے ہوئے ہیں۔سفیر پاکستان نے کہا کہ اپنے لوگوں کی تکالیف کو کم کرنے اورسیلابی آفت سے نمٹنے کی کوشش میں ہم آپ کی حمایت پر بھروسہ کرتے رہیں گے۔سفیر پاکستان کی بات کا جواب دیتے ہوئے سمانتھا پاور نے کہا کہ امریکہ اس مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔انہوں نے پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پیش آنے والے سیلاب سے پیدا شدہ صورتحال سے آگاہ کرنے پر پاکستانی سفیر مسعود خان کا شکریہ ادا کیا۔اعلان کردہ امریکی امداد کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ فنڈنگ متاثرین کی جلد بحالی، خطرے میں کمی اور اپنی اصل حالت پر واپسی کی صلاحیت پیدا کرنے میں اضافہ کرے گی جس سے حکومت پاکستان اور مقامی کمیونٹیز کو مستقبل کی آفات کے اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔سمانتھا پاور نے یہ بھی کہا کہ یو ایس ایڈ اپنے سٹاف، شراکت داروں اور پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے، انہوں نے مزید کہا تھا کہ وہ پاکستان کے دورے کے دوران یو ایس ایڈ کی ٹیم کے کام کو خود دیکھیں گی ،متاثرہ لوگوں اور کمیونٹیز سے براہ راست ملیں گی اور اس امر کا جائزہ لیں گی کہ امریکہ کیسے آنے والے ہفتوں اور مہینوں میں اپنی معاونت میں مزید بہتری لا سکتا ہے۔سمانتھا پاور نے اپنے خط میں کہا کہ انسانی جانوں کو بچانے، مصائب کو کم کرنے اور پائیدار بحالی کو محفوظ بنانے کے لیے یوا یس ایڈ حکومت پاکستان کی مدد جاری رکھے گا۔دورہ پاکستان کے دوران سمانتھا پاور نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گٹیرس سے ملاقات کی اور پاکستان کا دورہ کرنے اور مثبت عالمی ریسپانس کو یقینی بنانے ان کا شکریہ ادا کیا۔سمانتھا پاور نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ سیلاب سے پیداشدہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے شہریوں، مخیر حضرات، نجی شعبے اور حکومتوں کو اپنی کاروائیوں کو تیز کرنا ہوگا۔سمانتھا پاور نے پاکستانی حکام اور یو ایس ایڈ ٹیم کے ساتھ کام کرنے والے امریکی فوج کے ارکان سے بھی ملاقات کی۔سمانتھا پاور نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے بھی ملاقات کی اور دکھ اور ہمدردی کااظہار کیا۔


