سبی، جیکب آباد اور نوشکی دالبندین ریلوے سیکشنز کی مرمت کا کام شروع

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان میں ستمبر کے آخر تک ٹرین سروس بحال ہونے کا امکان، سبی جیکب آباد اور نوشکی دالبندین ریلوے سیکشنز کی مرمت کا کام شروع کردیا گیاجبکہ سیلابی ریلے میں گرنے والے ہرک ریلوے پل کی مرمت کے کام کا آغاز بھی کردیا گیا ہے جو تین ماہ میں مکمل ہو جائے گا۔ یہ بات ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلویز کوئٹہ نثار احمد خان نے میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے کہی۔ ڈی ایس ریلویز نے بتایا کہ بولان میں ہرک پل کی مرمت کا کام این ایل سی کے حوالے کردیا گیا ہے جنہوں نے وہاں ابتدائی کام شروع کردیا ہے ہرک پل کی مرمت کیلئے تین ماہ کا وقت درکار ہے۔انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ سبی جیکب آباد اور نوشکی دالبندین ریلوے سیکشنز کی مرمت کا کام شروع کردیا ہے امید ہے کہ ستمبر کے آواخر تک بلوچستان سے ٹرین سروس بحال ہوجائے گی ہرک پل کی مرمت ہونے تک اندرون ملک کیلئے مسافر ٹرینوں کو مچھ یا سبی سے چلائے جانے کی تجویز زیر غور ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں