عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت پر یقین رکھتے ہیں، ہمارا مقصد صرف انسانیت کی خدمت ہے، ثمینہ ممتاز زہری

لسبیلہ(مانیٹرنگ ڈیسک) فوکل پرسن برائے سیلاب متاثرین بلوچستان سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کی جانب سے بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کا سلسلہ جاری ہے۔وہ ضلع لسبیلہ کی تحصیل بیلہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پہنچیںاورسیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں خوراک اور دیگر ضروری اشیاءتقسیم کیں۔اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت پر یقین رکھتے ہیں ہمارا مقصد صرف انسانیت کی خدمت ہے۔ اس مشکل وقت میں اپنے بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور جہاں تک ہو سکا اُن کی مدد کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔دریں اثناءسینیٹر ثمینہ ممتاز زہری ضلع لسبیلہ کی تحصیل بیلہ کے نواحی علاقوں کاٹھور، کماچہ ، وریانی سمیت دیگر علاقوں میں امداد ی سامان کے ہمراہ پہنچیں اور ان علاقوں کے سیلاب متاثرین میں 1500 سے زائد راشن بیگز ، پینے کا صاف پانی ، واٹر کولر، بچوں کے لئے دودھ ، جوس اورضرورت کی دیگر اشیاءتقسیم کیں ۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کو اپنے درمیان پا کر سیلاب متاثرین کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ۔اس موقع پر متاثرین نے سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اب تک ہماری مدد کو کوئی نہیں آیا تھا اور ہم بے یارومددگار تھے اور کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور تھے ۔ ہم شکریہ ادا کرتے ہیں سینیٹر ثمینہ زہری اور میر علی حسن زہری کا جنہوں نے مشکل اور دشوار گزار راستوں سے گزر کر ہمارے تک امداد پہنچائی اور ہماری داد رسی جس کے لئے ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ اُنہیں غریبوں کی امداد اور داد رسی کی اور بھی ہمت و حوصلہ دے ۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری متاثرین سیلاب میں گھل مل گئیں اور انہیں حوصلہ دیا اور کہا کہ آپ سب ہمارے اپنے ہیں اور آپ کی بحالی ہماری سب سے اولین ترجیح ہے ۔ بلوچستان کی بیٹی ہونے کے ناطے میرا یہ فرض ہے کہ جہاں تک ممکن ہو سکے مشکل میں پھنسے اپنے بہن بھائیوں کی مدد کر سکوں ۔ ہم جو کام کر رہے ہیں یہ اللہ تعالیٰ ہم سے کروا رہا ہے ۔یہ سب اللہ تعالیٰ کاہی دیا ہوا ہے جو ہم اپنے لوگوں تک پہنچا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لسبیلہ کے دور دراز علاقے ہوں ، خضدار کے دشوار گزار پہاڑی علاقے ہوں یا نصیر آباد کے میدانی علاقے ہم نے پاک آرمی اور سول انتظامیہ کی مدد سے اپنی استطاعت کے مطابق اور مشکلات کے باوجود ہر جگہ راشن و دیگر ضروریات زندگی کا سامان پہنچایا۔ اب تک ہزاروں راشن بیگز ، خیمے ، پینے کے صاف پانی کی بوتلیں اور دودھ سمیت دیگر ضروری اشیاءتقسیم کیں تاکہ سیلاب سے متاثرہ لوگ کچھ حد تک مستفید ہوسکیں۔دریں اثناءلسبیلہ اوتھل ،حب اور دیگر علاقوںکے عوامی حلقوں نے سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کی جانب سے سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کی سرگرمیوں کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری اور میر علی حسن زہری ایسی شخصیات ہیں جو ان علاقوں میں اپنے وسائل سے امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی میں پیش پیش ہیں۔ سینیٹر ثمینہ زہری اور میر علی حسن زہری سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے متاثرین کے لئے امید کی کرن ثابت ہوئی ہیں۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کی بدولت سیلاب زدہ علاقوں میں کافی حد تک خوراک، پانی اور دیگر اشیاءکی فراہمی ممکن ہو سکی اور بچوں ، خواتین ، بوڑھوں سمیت سیلاب زدہ علاقو ں میں پھنسے افراد کے لئے عارضی خیمے اور ضروری اشیاءکی دستیاب سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہونے سے بچ گئی ہیں ۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ مصیبت زدہ علاقوں میں ہم اپنے لوگوں کی مدد کرتے رہیں گے اور جب تک دوبارہ نظام زندگی بحال نہیں ہوتا اور متاثرین اپنے گھروں میں دوبارہ آباد نہیں ہوتے ہمارا مشن جاری رہے گا۔انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں سمیت مخیر حضرات سے ایک بار پھر اپیل کی کہ سردیوں کی آمد سے پہلے پہلے متاثرین کی دوبارہ اپنے گھروں میں آبادہونے کو ممکن بنانے میں ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ سرد موسم میں کوئی انسانی المیہ جنم نہ لے سکے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں