5سے 6 افراد کو مساجد میں اعتکاف کی اجازت دے دی گئی، اجتماعی اعتکاف نہیں ہوگا

لاہو:مساجد میں 5 سے 6 افراد کے اعتکاف کی اجازت دی گئی ہے، تاہم حکومت و تمام مکاتب فکر کے مشترکہ اعلامیہ کی روشنی میں امسال مساجد و دینی مدارس میں اجتماعی اعتکاف نہیں ہوگا صرف کشادہ مساجد میں اعتکاف کی اجازت ہوگی، جن مساجد میں ایس او پیز کے تحت سماجی فاصلہ رکھنے کی گنجائش نہیں وہاں اعتکاف کی اجازت بھی نہیں دی جائے گی۔ اسی طرح چھوٹی مساجد میں دو سے چار افراد اعتکاف بیٹھ سکیں گے۔نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ اوقاف کی پنجاب بھر کی 5 سو سے زائد مساجد میں اعتکاف کا فیصلہ نہ ہو سکا جبکہ دیگر مساجد کی انتظامیہ نے محدود تعداد میں اعتکاف کی تیاریاں کر لی ہیں۔ داتا دربار مسجد میں دو، جامعہ نعیمیہ میں 4،جامعہ اشرافیہ میں چند افراد کو اعتکاف کی اجازت ہو گی۔ بادشاہی مسجد میں بھی 4 سے 5 افراد اعتکاف بیٹھیں گے۔ترجمان محکمہ اوقاف کا کہنا ہے کہ محکمہ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کرے گا۔ علاوہ ازیں اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے فیصل مسجد میں اعتکاف بیٹھنے کی اجازت دے دی۔ ضلع کی ساڑھے 9 سو میں سے چھوٹی مساجد میں اعتکاف کی اجازت نہیں دی گئی۔


