بھارت کشمیر میں دانستہ فوجی کارروائیاں کررہا ہے‘پاکستان

سلام آباد:دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ پاکستان، بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی جانب سے جعلی انکانٹرز، اور محاصرے اور سرچ آپریشن کے دوران کشمیریوں کے جاری ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ہفتہ وار بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں پر پابندیوں، دانستہ طور پر کی گئی کارروائیوں، غیرانسانی لاک ڈان اور فوجی پابندیوں کا 284 واں دن ہے۔انہوں نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی خطرناک صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور ریاستی دہشت گردی، ماورائے عدالت قتل اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت سے جوابدہی کریں۔دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں مقدس ماہ رمضان المبارک میں بھی بھارتی قابض فوج کے مظالم جاری ہیں بریفنگ کے دوران ترجمان کا کہنا تھا کہ ہیومن رائٹس واچ رپورٹ کے مطابق بھارت میں نفرت آمیز تقاریر میں اضافہ ہوا ہے یہاں تک کہ بھارتی میڈیا نے ہیش ٹیگ کورونا جہاد کے الفاظ بھی استعمال کیے ہیں۔ مخلوط اسرائیلی حکومت کے فلسطینی علاقوں کو ضم کرنے کی مذمت کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی طرف سے علاقوں کو ضم کرنے کا اقدام عالمی قانون کی خلاف ورزی ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ مشرقی بیت المقدس اور مغربی کنارہ فلسطینی علاقے ہیں، پاکستان مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کا حامی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان 1967 کے سرحدی نقشے پر مشتمل آزاد فلسطین کا حامی ہے، جموں کشمیر اور فلسطین اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے پرانے مسائل ہیں۔عائشہ فاروق کے مطابق مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں آبادی کا تناسب بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔


