پیپلز پارٹی کے حکومت میں آنے سے بلوچستان کا احساس محروم ختم ہوگا، علی مدد جتک

کوئٹہ (انتخاب نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماءسابق صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی بلوچستان میں ہر گزرتے دن کے ساتھ فعال اور مضبوط ہورہی ہے آنے والے دنوں میں صوبے کی قدآور سیاسی شخصیات پارٹی میں شامل ہونگی ،پیپلز پارٹی آئندہ عام انتخابات میں مرکز اور بلوچستان میں حکومت بنائے گی ہماری حکومت بلوچستان کے احساس محرومی کا خاتمہ کریگی ۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو پارٹی کے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پیپلز پارٹی فیڈریشن کی وہ جماعت ہے جس نے ہمیشہ بلوچستان کے عوام کے زخموں پر ملہم رکھا ہے ہمارے دور میں شروع ہونے والے آغاز حقوق بلوچستان پیکج ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ، این ایف سی ایوارڈ جیسے منصوبوں سے بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی کا دور شروع ہوا ،نوجوانوں کو باعزت روزگار ملا ،غریب اور نادار ماﺅں بہنوں کی مالی امداد سے انہیں مالی خود مختار ی ملی ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بلوچستان کو ہمیشہ اہمیت دی ہے یہی وجہ ہے کہ آج فیڈریشن کی وہ واحد جماعت پیپلزپارٹی ہے جسے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں عوام نے بڑے مینڈیٹ سے کامیاب کروایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کی طرح آئندہ عام انتخابات میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے عوام کے بھروسے اور اعتماد سے حکومت بنائے گی ہماری حکومت صوبے کے احساس محرومی کے خاتمے کا نیا دور شروع کریگی صوبے سے بے روزگاری اور مسائل کاخاتمہ ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں پیپلز پارٹی میں قدآور سیاسی شخصیات کی شمولیت ہوگی جس سے پارٹی صوبے میں مزید مستحکم اور مضبوط ہوگی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں