قدوس بزنجو سے سندھ کے وزراء کی ملاقات،سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے مشترکہ حکمت عملی بنانے پر غور

کراچی: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بحیثیت قوم تمام صوبوں کے عوام ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں اور ان کے درمیان بھائی چارگی کا ایک مضبوط رشتہ ہے سندھ اور بلوچستان میں حالیہ سیلاب اور طوفانی بارشوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اس موقع پر باہمی اتحاد اور قومی یکجہتی کا جو جذبہ دیکھنے میں آیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ کے صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو اور مشیر جیل خانہ جات اور آئی پی سی اعجاز جکھرانی سے بات چیت کرتے ہوئےکیا جنہوں نے پیر کے روز یہاں ان سے ملاقات کی ملاقات کے دوران دونوں صوبوں میں سیلابی صورتحال نقصانات اور امدادی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس امر سے اتفاق کیا گیا کہ اس وقت دونوں صوبوں کے عوام کی داد رسی اور انہیں درپیش مسائل اور مشکلات کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے جس کے ذریعے ایک بڑے انسانی بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے وزیر اعلی نے سندھ میں سیلاب سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام ہمارے بھائی ہیں صوبوں کے درمیان سرحد یں صرف جغرافیائی تخصیص کے لیے ہیں دراصل ہم سب ایک قوم ہیں اور ایک دوسرے کے غم اور خوشی میں برابر کے شریک ہیں وزیر اعلی نے سیلابی پانی کو کٹ لگا کر بلوچستان سے سندھ کی جانب موڑنے کے تاثر کو زائل کرنے کے لیے جے آئی ٹی کے قیام کی پیش کش کی اور کہا کہ حکومت سندھ کی خواہش ہو تو دونوں صوبے باہمی اعتماد اور اتفاق کے ساتھ جے آئی ٹی قائم کر سکتے ہیں، وزیر اعلی نے کہا کہ اس تاثر کو دور کیا جانا بہت ضروری ہے کہ دونوں صوبوں میں سے کسی نے بھی ایک دوسرے کے علاقوں کو ڈبونے کی کوشش کی ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ سندھ کے عوام کے دلوں میں اس حوالے سے کوئی غلط فہمی رہ جائے جس کا اثر صدیوں تک قائم رہ سکتا ہے ہم سندھ کے عوام کے دلوں کو اس حوالے سے صاف کرنا چاہتے ہیں۔ سندھ کے صوبائی وزرا نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے جزبہ خیر سگالی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں وزیر اعلیٰ کا موقف ہمارے لیے باعث حوصلہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں