سیاسی تناؤ میں بھارتی فنکاروں کے ساتھ کام کرنا آسان نہیں، فواد خان
لاہور(ویب ڈیسک) پاکستانی اداکار فواد خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان سیاسی تناؤ کا اثر ان کے بالی وڈ میں موجود افراد سے تعلقات پر بالکل نہیں پڑا لیکن موجودہ صورتحال میں ساتھ کام کرنا آسان نہیں ہے۔امریکی میگزین کو انٹرویو میں فواد خان کا کہنا تھا کہ ان کا انڈیا میں کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا اور انہوں نے وہاں کام کو انجوائے کیا۔
انڈیا میں دوبارہ کام کرنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میں اس کا کوئی حتمی جواب اس وقت تک نہیں دے سکتا جب تک دونوں ممالک میں چیزیں ہموار نہیں ہوجاتیں۔فواد خان کا کہنا تھا کہ انہیں تنازعات پسند نہیں اور یہاں یہ سوچنا بھی ضروری ہوگا کہ انڈیا میں اس وقت کوئی ان کے ساتھ کام کرنا بھی چاہے گا کہ نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح اگر میں انڈیا میں کام کرتا ہوں اور پاکستان واپس آتا ہوں تو مجھے دیکھنا ہوگا کہ لوگ یا حکومت اس حوالے سے کیا سوچتے ہیں۔فواد خان اس سے قبل بالی وڈ کی تین فلموں میں کام کرچکے ہیں۔ ان کی پہلی فلم خوبصورت 2014، دوسری فلم کپور اینڈ سنز اور تیسری فلم اے دل ہے مشکل 2016 میں ریلیز ہوئی تھی۔