میچ فکسنگ کے الزامات، امارات کے کرکٹر پر 14 سال کی پابندی

دبئی(ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے میچ فکسنگ پر سخت ایکشن لیتے ہوئے بھارتی نژاد یو اے ای کرکٹر مہر دیپ چھاکر پر 14 سال کی پابندی لگادی۔رپورٹ کے مطابق مہردیپ پر 2019 میں یو اے ای اور زمبابوے کے درمیان ہونے والی سیریز اور اسی سال کینیڈا کی جی ٹی 20 لیگ میں میچز فکس کرنے کا الزام تھا۔ آئی سی سی میں سماعت کے دوران ٹریبونل نے مہردیپ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور کرکٹ کینیڈا کے اینٹی کرپشن کوڈ کی 7 خلاف ورزیوں کا مجرم پایا۔آئی سی سی نے ٹربیونل کی جانب سے مہردیپ پر پابندی کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے ایک بیان جاری کیا ہے۔

اس سے قبل آئی سی سی نے چھاکر سے متعلق اس معاملے میں انسداد بدعنوانی کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر متحدہ عرب امارات کے دیگر 2 کرکٹرز پر بھی پابندی عائد کی تھی۔چھاکر متحدہ عرب امارات کے کئی اعلی کرکٹ کلبوں کیلئے بطور وکٹ کیپر بلے باز کھیل چکے ہیں، انہوں نے اپنے خلاف میچ فکسنگ کے تمام الزامات سے انکار کیا تھا۔مہردیپ کو ایک کھلاڑی کو جان بوجھ کر خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنے سمیت 2 الزامات اور اینٹی کرپشن کوڈ کے دو معاملوں کی خلاف ورزی کے الزامات کا مجرم پایا گیا۔یو اے ای کے کرکٹر مہردیپ چھاکر کو میچ فکسنگ کے حوالے سے الزامات کی تحقیقات میں تعاون نہ کرنے کا بھی قصوروار پایا گیا، اسی لئے آئی سی سی نے اتنا سخت ایکشن لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں