مسلح جتھوں کو غیرمسلح کرنے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں، انسداد بدامنی کمیٹی بلیدہ
تربت (انتخاب نیوز) انسداد بدامنی کمیٹی بلیدہ زامران کا بلیدہ میں زبردست احتجاج، چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں 2ہفتہ بعد تربت میں ڈی سی وکمشنرآفس کے سامنے غیرمعینہ مدت تک دھرنادینے کا اعلان، تفصیلات کے مطابق انسدادبدامنی کمیٹی بلیدہ زامران کے زیراہتمام بلیدہ زامران میں بدامنی اور چوری ڈکیتی کے واقعات کے خلاف بلیدہ میں ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت سابق سینیٹر وسابق صوبائی وزیر میر اسلم بلیدی کررہے تھے، ریلی میں بلیدہ زامران کے عوام نے بڑی تعدادمیں شرکت کی، ریلی نے بلیدہ میں انتظامیہ کے دفاترکے سامنے ایک احتجاجی جلسہ کی شکل اختیارکرلی، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیرمیر اسلم بلیدی ودیگرمقررین نے خطاب کیا، بعدازاں ریلی کے شرکاءکی جانب سے انتظامیہ کو ایک چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیاگیا جس میں مطالبہ کیاگیاکہ بلیدہ زامران کے چھپے چھپے میں پھیلے ہوئے بدنام زمانہ مسلح جتھوں کو فی الفور غیرمسلح کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ بلیدہ زامران میں چوری ڈکیتی کے واقعات کا سخت نوٹس لیکر ذمہ داراں کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جائے، چوری ڈکیتی میں ملوث نامزد ملزمان کا سراغ لگاکر ان کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے، انتظامی افسران اسسٹنٹ کمشنر، تحصیلدار، نائب تحصیلدار اورپولیس افسران کی بلیدہ میں مستقل موجودگی کویقینی بناکر بلیدہ زامران کے شہریوں کو تحفظ کااحساس دلایاجائے، بلیدہ زامران میں منشیات فروشوں اورمنشیات کے اڈوں کے خلاف فی الفور کاروائی کرکے علاقہ کومنشیات سے پاک کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں، لیویز فورس اورپولیس میں شامل کالی بھیڑوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے، لیویز فورس اور پولیس کی نفری بڑھاکر روزانہ کی بنیادپر پٹرولنگ یقینی بنائی جائے، اگر ان مطالبات پر 2ہفتوں کے اندر اندر عمل درآمد نہ کیاگیا تو اس احتجاجی تحریک کو وسعت دیاجائے گا اورپھر بلیدہ زامران سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد کے ساتھ تربت میں ڈپٹی کمشنر اورکمشنر دفاترکے سامنے غیرمعینہ مدت تک دھرنا دیاجائے گا۔


