کوئٹہ کراچی شاہراہ پر چوری ڈکیتی کی وارداتوں کا سدباب کیا جائے، پشتونخوا میپ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں کوئٹہ کراچی شاہراہ پر بدامنی ، چوری ڈکیتی کے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار رکرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ ایک بار پھر سے ٹرانسپورٹروں ، تاجروں ، مسافروں کیلئے غیر محفوظ ہوتی جارہی ہے ، ایف سی ، پولیس ، لیویز فورس کے درجنوں ناکوں کے باوجود مین ہائی وے پر سماج دشمن عناصر سرگرم ہوکر مختلف جرائم کا ارتکاب کررہے ہیں اور ان ہر واردات کے بعد باآسانی فرار ہوجاتے ہیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز مستونگ کے علاقے گنج جوڑی کے مقام پر ڈاکوﺅں نے مین سڑک پر 3تاجروںمحمدعارف خان ، عبدالمجید اور فاروق خان کو اپنا نشانہ بناکر ان پر فائرنگ کی اور انہیں زخمی کیا گیا جو کہ اب بھی ہسپتال میں زیر علاج ہے اور اسی طرح 2ماہ قبل بھی اسی شاہراہ پر تاجروں سے لاکھوں روپے اسلحہ کے زور پر چھین لیئے گئے ۔ بیان میں کہا گیا ہے مستونگ میں کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں کے عوام تجارت ، مزدوری وغیرہ کرتے ہیں اگر امن وامان کی یہی صورتحال رہی تو نہ کہ ایک جانب وہاں پر تجارت، روزگار کے مواقع ختم ہونگے جبکہ دوسری طرف مستونگ کی ضلعی انتظامیہ ، پولیس ولیویز فورس کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان ہے جو شہریوں ، تاجروں ، ٹرانسپورٹروں ، مسافروں ، مزدوروں کے جان ومال کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے ۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ کو محفوظ بناتے ہوئے اس پر عوام کے جان ومال کی تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور ہر قسم کے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کرتے ہوئے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔


