جرمنی :غربت میں ہو شربا اضافہ ،شہری کھانے کے محتاج

برلن (ویب ڈیسک) جرمنی میں بڑھتی ہوئی غربت سے متوسط طبقے کی زندگی مشکل ہو گئی ہے۔ فوڈ بینکوں کے آگے مجبور ہونے والے شہریوں کی تعداد بھی حد سے تجاوز کر گئی۔

مقامی میڈیا کے مطابق ملک بھر میں فوڈ بینکوں کے صارفین کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں دگنی ہو چکی ہے اور بہت سے ضرورت مندوں تک غذائی امداد نہیں پہنچ پا رہی۔ خط غربت سے نیچے جانے والے جرمن شہریوں کے پاس اپنی ضروریات زندگی کو پورا کرنے کے متبادل ذرائع بھی بہت کم رہ گئے ہیں۔

مقامی اخبارات ایسی خبروں اور تبصروں سے بھرے پڑے ہیں، جن میں بتایا گیا ہے کہ فوڈ بینکوں سے رجوع کرنے والے ضرورت مندوں کو وہاں سے خالی ہاتھ لوٹنا پڑ رہا ہے۔ فوڈ بینکوں کا کہنا ہے کہ جب تک پہلے والے اپنی رکنیت منسوخ نہیں کریں گے وہ نئے افراد کو رجسٹر کرکے غذا فراہم نہیں کرسکتے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق جرمنی میں ایک کروڑ 38لاکھ افراد خط غربت کے قریب یا اس سے نیچے پہنچ چکے ہیں،جب کہ ماہرین اس تعداد میں بہت زیادہ اضافے کی پیش گوئی کر رہے ہیں۔ شہریوں کے پاس آسمان سے باتیں کرتے اخراجات کے لیے مالیاتی وسائل موجود نہیں ہیں۔

فوڈ بینکوں کی خراب ہوتی صورت حال کی ایک وجہ یوکرین پر روس کا حملہ بھی قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ کورونا وائرس کے باعث معیشت پر پڑنے والے اثرات بھی نظر انداز نہیں کیے جاسکتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں