اٹلی کا آئندہ ماہ سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان

روم:اٹلی نے جون کی تین تاریخ سے بین الاقوامی سفر بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے، مذکورہ دن سے ہی اٹلی میں اندرونِ ملک سفر کی بھی اجازت ہوگی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق تقریباً دو ماہ طویل لاک ڈاؤن کے بعد یہ اٹلی کی جانب سے اپنی معیشت دوبارہ کھولنے کی جانب بڑا قدم ہے۔اٹلی اْن ممالک میں ہے جہاں دنیا میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں تاہم یہاں مرض پھیلنے کی شرح حالیہ چند دنوں میں تیزی سے گری ہے۔جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک کورونا وائرس کی وجہ سے اٹلی میں 31 ہزار 610 افراد ہلاک ہوچکے ہیں یہاں متاثرین کی تعداد دو لاکھ 23 ہزار 885 ہے۔اٹلی یورپ کا وہ پہلا ملک تھا جس نے فروری میں اپنے شمالی علاقوں میں کورونا وائرس کے متاثرین سامنے آنے کے بعد ملک گیر پابندیاں نافذ کیں مگر چار مئی کو اس نے کارخانوں اور باغوں کو کھلنے کی اجازت دے کر لاک ڈاؤن میں نرمی کا آغاز کیا۔وزیرِ اعظم جوزیپے کونٹے کے دستخط کردہ حکمنامے کے مطابق 18 مئی سے چند دکانیں اور ریستوران بھی سماجی دوری کی پابندی کرتے ہوئے کھل سکیں گے۔ اس کے علاوہ کیتھولک گرجا گھر بھی اسی دن اپنی اجتماعی عبادات شروع کریں گے تاہم سماجی دوری کی سخت پابندی کرنی ہوگی۔ دیگر مذاہب کی عبادت گاہیں بھی کھولی جا سکیں گی۔تین جون سے تمام سفری پابندیاں اٹھا لی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں