یورپ کے خلاف روس کا بھر پور ساتھ دینگے، چین

بیجنگ (ویب ڈیسک) چین نے مغربی ممالک کی جانب سے روس کو درپیش خطرات کے پیش نظر روس کے ساتھ کھڑے رہنے کا اعادہ کیا ہے۔چین نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا اور نیٹو مل کر روس کو دیوار سے لگانے کی سازش کررہے ہیں ۔

چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاروف سے ٹیلی فون پر گفتگو میں کہا کہ ہم خطرے کی ہر گھڑی میں ماسکو کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مغربی ممالک کی جانب سے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر دونوں ممالک کے حکام نے اپنی جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے لیے ایک دوسرے کا ساتھ دینے کا عزم ظاہر کیا۔

دوسری جانب امریکا نے یوکرین کے لیے نئی جنگی امدادی کھیپ کا اعلان کر دیا ہے،جس کی مالیت ساڑھے 27کروڑ ڈالر ہوگی۔ امریکی اعلان کے بعد اب تک یوکرین کے لیے امریکی امدادی فوجی امداد کی مجموعی مالیت 18ارب ڈالر ہو گئی ہے۔ امریکا کی طرف سے یہ جنگی امداد جنوری 2021 ء کے بعد سے جاری کی گئی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے کہا ہم یوکرین کو فضائی دفاع کا نظام دینے کے لیے بھی کوشش کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں امریکی فضائی دفاع کے سسٹم کے 2ابتدائی یونٹ تیار کیے جا چکے ہیں جو آیندہ ماہ یوکرین کے حوالے کر دیے جائیں گے۔

یاد رہے روس نے رواں سال 24 فروری کو یوکرین پر حملہ کیا تھا،جس کے بعد امریکا اور یورپی ممالک کی جانب سے مختلف مواقع پر کیف حکومت کو ہتھیار فراہم کیے جاتے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں