فلسطینی ڈرائیور نے 5فوجی کچل دیے ،فائرنگ سے شہید
مقبوضہ بیت المقدس (ویب ڈیسک) فلسطین کے شہر اریحا کے جنوب میں نبی موسیٰ گاؤں کے قریب فلسطینی شہری نے اپنی گاڑی اسرائیلی فوجیوں پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں 5 صہیونی فوجی زخمی ہو گئے جب کہ قابض فوجیوں نےحملہ آور کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔
عبرانی میڈیا کے مطابق واقعے کی ایک وڈیو بھی سامنے آئی ہے،جس فوجیوں کو زمین پر پڑے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ عبرانی چینل 14 کے رپورٹ کے مطابق بیت المقدس کے علاقے عیزریا سے تعلق رکھنے والا 49سالہ حملہ آور برکات عودہ اسرائیلی فوجی کی فائرنگ سے شہید ہوگیا،جب کہ زخمی فوجیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل الخلیل میں ایک فلسطینی شہری کی فائرنگ سے ایک اسرائیلی فوجی ہلاک اور 5زخمی ہوگئے تھے۔ دوسری جانب صیہونی وزیر دفاع بینی گینٹس نے اعتراف کیا ہے کہ فلسطینی مزاحمت کاروں کی گوریلا کارروائیوں کو روکنا اسرائیلی فوج کے لیے ممکن نہیں۔
گینٹس نے کہا کہ مغربی کنارے کی صورت حال پیچیدہ اور تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ عسکری روابط جاری رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مغربی کنارے میں روزانہ مسلح کارروائیاں کی جارہی ہیں اور حالیہ مہینوں میں ان میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ فلسطینی اتھارٹی مغربی کنارے میں سیکورٹی کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے قابض فوج کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔


