احتیاطی تدابیر اختیار کرکے کورونا کو شکست دی جاسکتی ہے، گورنر سندھ

کراچی: گور نر سندھ عمران اسماعیل نے 17 دن قرنطینہ میں گزارنے کے تجربے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے کورونا کو شکست دی جاسکتی ہے۔عمران اسماعیل نے کہا کہ اس بیماری میں جڑی بوٹیوں کا استعمال مفید ہوتا ہے،سنا مکی اور ادرک کے پانی کے استعمال سے مجھے بہت فائدہ ہوا۔اُنہوں نے کہا کہ قرنطینہ کا عرصہ آپ کو خود احتسابی کا موقع فراہم کرتا ہے، اس عرصے میں قرآن کا ترجمہ کے ساتھ مطالعہ کیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ اگر کسی کو کورونا ہوجائے تو ہمت نہ ہاریں بلکہ اس کا مقابلہ کریں۔عمران اسماعیل نے کہا کہ میرے لیے یہ عرصہ بہت مشکل ضرور تھا لیکن بُرا تجربہ نہیں تھا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اس عرصے کے دوران اپنے لیے دعائیں کرنے والے افراد کا مشکور ہوں۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ گورنر سندھ نے اپنا کوروناٹیسٹ کروایا تھا جو مثبت آیا تھا اُس کے بعد وہ 17 دن کے لیے قرنطینہ میں چلے گئے تھے اور پھر گزشتہ دنوں عمران اسماعیل نے ٹوئٹر پر اپنا پیغام جاری کیا تھا جس میں اُنہوں نے کہا تھا کہ اللّہ تعالی کی مہربانی سے اُن کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا ہے۔


