فیض آباد انٹرچینج پر احتجاج کرنیوالے پی ٹی آئی رہنماﺅں اور کارکنوں کےخلاف دو مقدمات درج

اسلام آباد(انتخاب نیوز)اسلام آباد پولیس نے گزشتہ روز اسلام آبادمیں فیض آباد انٹرچینج پر احتجاج کرنے والے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماﺅں اور کارکنوں کے خلاف دو مقدمات درج کرلئے۔ مقدمات تھانہ آئی نائن میں درج کئے گئے ہیں۔ مقدمات میں جو دفعات لگائی گئی ہیں ان میں کارسرکار میں مداخلت، توڑ پھوڑ، جلاﺅ گھیراﺅ اور پولیس اور ایف سی اہلکاروں پر ڈنڈوںاور پتھروں کے ذریعے حملے کرنا شامل ہیں ۔ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھراﺅ اور حملے کے نتیجہ میں 9ایف سی اہلکار اور 5پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔جن پی ٹی آئی رہنماﺅں کے خلاف مقدمات درج کئے ہیں ان میں عامر محمود کیانی، علی نواز اعوان ، چوہدری شعیب اور واصف قیوم سمیت 24رہنما اور کارکن شامل ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے پی ٹی آئی کے 30کے قریب کارکنوں کو دوران احتجاج گرفتار کیا تھا اوران کے خلاف الگ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں