ترکیہ نے استنبول دھماکے پر امریکی تعزیت مسترد کردی، کردش تنظیم ملوث، گرفتاریاں

استنبول(آئی این پی)ترکیہ نے استنبول دھماکے پر امریکی تعزیت کو مسترد کر دیا،ترک وزیرداخلہ سلیمان سویلو کاکہنا تھا کہ ہم امریکی سفارت خانے کے تعزیتی پیغام کو قبول نہیں کرتے،انہوں نے کہا کہ ہم امریکا کے تعزیتی پیغام کو مسترد کرتے ہیں،یاد رہے کہ ترکیہ نے استنبول دھماکے کا الزام کرد عسکریت پسند گروپ پر عائد کیا ہے۔ترکیہ میں گزشتہ روز ہونے والے بم دھما کے مرکزی کردار شامی نڑاد کرد لڑکی احلام البشیر کو گرفتار کر لیا گیا جس کا تعلق علیحدگی پسند عسکری جماعت کردستان ورکرز پارٹی سے ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق استنبول پولیس نے استقلال ایونیو میں ہونے والے بم دھماکے کے مرکزی کردار کو سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمہ کی شناخت 23 سالہ احلام البشیر کے نام سے ہوئی ہے جو شام کے شہر عفرین سے ترکیہ آئی تھی۔ملکی سیکیورٹی ایجنسیز کا دعویٰ ہے کہ ملزمہ کا تعلق ترکیہ میں دہشت گرد قرار دی جانے والی تنظیم کردستان ورکرز پارٹی سے ہے جس کے تانے بانے شام سے ملتے ہیں۔ امریکا، مغربی اتحاد اور اقوام متحدہ بھی اس تنظیم کو بلیک لسٹ کر چکے ہیں۔قبل ازیں ترک وزیرداخلہ سلیمان سوئلو نے کہا کہ پولیس نے استقلال ایونیو پر بم نصب کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا تاہم انھوں نے گرفتار ہونے والے مرکزی کردار کی شناخت ظاہر نہیں کی تھی۔بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر سے انکشاف ہوا کہ بم ایک خاتون نے نصب کیا تھا اور گرفتار ہونے والا مرکزی کردار بھی خاتون ہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں