راولپنڈی، سابق وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) شجاع خانزادہ پر خودکش حملے کا سہولت کار گرفتار

راولپنڈی (انتخاب نیوز) کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب اور سول حساس ادارے نے کلر سیداں روڈ راولپنڈی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) شجاع خانزادہ پر خودکش حملے کا سہولت کار گرفتار کرلیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم عبد اللہ خان ڈھڈیال ضلع میرپور آزاد کشمیر کا رہائشی ہے، ملزم کے قبضے سے بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا ہے، ملزم دھماکا خیز مواد مبینہ طور پر راولپنڈی اور اسلام آباد میں تخریب کاری کے لیے لے جارہا تھا۔ سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی اور کالعدم ٹی ٹی پی سے ہے، اس نے افغانستان سے تربیت لی، ملزم مدرسہ ابراہیمیہ سیاکھ کا مہتمم بھی ہے، ملزم نے سابق وزیرداخلہ پنجاب شجاع خانزادہ پر خودکش حملے میں ملوث حمزہ اور قاری سہیل کی رہائش کا متعدد بار انتظام کیا۔ ترجمان کے مطابق ملزم قاری سہیل اس وقت افغانستان میں موجود ہے، ملزم نے شجاع خانزادہ پر حملے کے ماسٹر مائنڈ قیصر مصطفی عرف کیپٹن نعمان کو بھی پناہ دی تھی۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ملزم کا سسر مسعود الحق سیاکھوی اور برادر نسبتی ابراہیم سیاکھوی اشتہاری ملزمان ہیں، دونوں ملزمان اس وقت بیرون ملک مقیم ہیں، ملزم نے مسعود سیاکھوی کی ہدایت پر خودکش حملہ آور کو پناہ دینے کا انکشاف کیا ہے۔ خیال رہے کہ سابق وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) شجاع خانزادہ 16 اگست 2015ء کو اٹک کے شادی خان گاؤں میں اپنے ڈیرے پر ہونے والے ایک خودکش حملے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں