پاکستان میں سیلاب زدگان لاکھوں لوگوں کوخوراک کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ (مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اگر چہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب کو تین ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے، تاہم یہ تباہی ابھی ختم نہیں ہوئی۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے نائب ترجمان فرحان حق نے کہا کہ صاف پانی، صفائی اور حفظان صحت تک رسائی اب بھی مشکل ہے، سیلاب اور کھڑے پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں میں اضافہ ہورہا ہے۔روزانہ کی پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ لاکھوں لوگوں کوخوراک کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ متاثرہ خاندان اپنے ایسے گھروں کو واپس جارہے ہیں جہاں مکانات تباہ ہوچکے ہیں،فصلیں برباد اور مویشی مرچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی کچھ علاقے برف باری سے متاثر ہورہے ہیں، سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو سرد موسم سے مزید خطرہ ہے اور بہت سے لوگوں کو مناسب پناہ گاہ، خوراک اور موسم سرما میں مدد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ 3کروڑ 30لاکھ لوگوں میں سے ابھی تک 50 لاکھ سے زیادہ بے گھر ہیں اور سیلاب سے زراعت، صحت اور تعلیم کے شعبے تباہ ہوگئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں