پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا، مولانا عبدالواسع

کوئٹہ (آئی این پی) جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر و وفاقی وزیر ہاسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے کہا ہے پاکستان اب ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا، موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کریگی مولانا فضل الرحمان کا دورہ بلوچستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے پارٹی عہدیدار اور کارکن 8دسمبر کے کنونشن کو کامیاب کرائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح ٹاؤن میں لونی قوم کے سربراہ ضلع لورالائی کے سابق ناظم اور وزیر اعلی کے فوکل پرسن سردار جہانزیب خان لونی، سردار اسماعیل خان لونی اور سردار ہمایوں خان لونی کی جمعیت علما اسلام میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی سرپرست اعلی مولانا حافظ حسین احمد شرودی،جمعیت کے صوبائی معاون فنانس و سابق رکن قومی اسمبلی انجینئر میرعثمان بادینی،حاجی عین اللہ شمس،ایم پی اے حاجی میر زابد ریکی,سیدعبدالواھد آغا ودیگر رہنما شریک تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان چورن بیچ رہا ہے کہ اسمبلیاں تحلیل کرکے الیکشن میں 5سال کے لیے حکومتیں مل جائیں گی۔ انتخابات وقت پر ہوں گے تو 2صوبائی حکومتوں کے ساتھ مرکزکا انتخاب لوٹ لیں گے، عمران خان کے سارے خواب چکنا چور ہوگئے، اب اس کو ڈرانے کے خواب آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے ڈنکے کی چوٹ پر عمران خان کو نکالا ہے، ہم نے عمران کو گریبان سے پکڑ کر اقتدار سے باہر کیا۔ جو تم نے کیا یہ اس کا مکافاتِ عمل ہے، تم اب بند گلی میں چلے گئے ہو، تم آزادی نہیں آوارگی چاہتے ہو، دھمکی دیتا ہے کہ استعفے دے دیں گے، تم نے استعفے دیے تھے پھر اسمبلی میں واپس آئے یا نہیں؟ انہوں نے کہا کہ عوام کو غیرضروری مسائل میں الجھانے کی بجائے بنیادی ضروریات کی فراہمی کو ترجیح بنانا چاہتے۔عمران خان کا لانگ مارچ لنگڑا ہوچکا ہے، اب شاید یہ مارچ کبھی بھی اسلام آباد نہ پہنچ سکے۔عمران خان نے اپنی بدزبانی اور خودپسندی کی وجہ سے ملکی اداروں کو متنازعہ بنانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی ہے۔ آرمی چیف کی تعیناتی سمیت ججز کی تقرری کے عمل کو بھی عمران خان متنازعہ بنا چکے ہیں۔ آرمی چیف کی تقرری کا عمل آئین کے مطابق بخیر و عافیت تکمیل تک پہنچ گیا انہوں نے کہا کہ عمران نے عوام کے جذبات کے ساتھ کھیل کر امریکہ کی غلامی نامنظور کا نعرہ لگایا، لیکن درحقیقت سب سے بڑا غلام یہ خود ہے۔ تحریک انصاف کی طرز سیاست جمہوریت کے دامن پر ایک داغ کے سوا کچھ نہیں۔ اپنے دور اقتدار میں پارلیمان کی تضحیک کرنے والا آج جمہوریت کا چیمپئن بننے کا ناٹک کررہا ہے لیکن اب عوام باشعور ہوچکی ہے، مزید اسکے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔ عوام یہ بھی جان چکی ہے کہ عمران کی سیاست صرف اسکی ذات اور وزارت عظمی کی کرسی تک محدود ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں