سوراب خزانہ آفس میں عملے کی بدعنوانیاں، سائلین سے ناروا سلوک، عوامی حلقوں کا شدید احتجاج

سوراب (انتخاب نیوز) خزانہ آفس سوراب کے عملہ کی بڑھتی ہوئی بدعنوانی، سائلین سے ناروا سلوک ضلع کی عوام کے لئے ناقابل برداشت بن گیا، ملازمین تنظیموں کا صورتحال پر احتجاج کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق خزانہ آفس سوراب کے متنازع عملہ کی بڑھتی ہوئی مبینہ بدعنوانی، سائلین سے تسلسل سے پیش آنے والے ناروا سلوک اور انہیں بلاجواز اذیت میں مبتلا کرکے پیسہ بٹورنے پر نچلے درجے کے سرکاری ملازمین کی ہمت جواب دے گئی، متنازعہ اہلکاروں کی کرپشن کا نوٹس اور ان کے خلاف کاروائی عمل میں نہ لانے کی صورت میں گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان ضلع سوراب شدید ردعمل دینے پر مجبور، خزانہ آفس سوراب میں جاری رشوت خوری کا نوٹس نہیں لیا گیا تو احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے جس کی تمام تر ذمہ داری متنازع عملہ پر عائد ہوگی، واضح رہے کہ خزانہ آفس سوراب کا موجودہ عملہ اپنے متنازعہ رویہ اور جائز کاموں کے لئے بھی رشوت طلب کرکے سائلین کو بلاجواز تنگ کرنے کی وجہ سے متنازعہ رہا ہے، آئے روز متاثرہ طبقات خصوصاً سرکاری ملازمین ان کے خلاف صدائے احتجاج بلند کررہے ہیں، ان کے مطابق نئے تعینات ہونے والے خزانہ آفیسر سوراب دفتر میں حاضر ہونے کی ضرورت محسوس نہیں کررہے ہیں، روز اول سے تاحال غائب ہے جبکہ دفتر میں موجود اسسٹنٹ، سب اسسٹنٹ اور کلرکس نے اپنی ریاست قائم کر رکھی ہے جہاں وہ آنے والے سائلین کو بلاجواز اذیت میں مبتلا کرکے ان سے جائز امور کے عوض بھی رشوت وصول کرنا اپنا حق سمجھتے ہیں نہ دینے کی صورت میں انہیں مختلف حلیے اور بہانوں سے مایوس واپس کیا جاتاہے، اس صورتحال سے علاقے کی عوام خصوصاً سرکاری ملازمین عاجز آچکے ہیں، گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع سوراب نے خزانہ آفس سوراب میں اساتذہ کرام کے ساتھ ہونے والی ناانصافی اور ناروا سلوک کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے خزانہ آفس سوراب کے ملوث اہلکاروں کے خلاف کاروائی اور ان کے تبادلے کا مطالبہ کیا ہے، عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں شدید احتجاج کی دھمکی دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں