افغانستان کی علاقائی خود مختاری اور ترقی کا احترام کیا جائے گا،پاکستان، روس، چین اور ایران

اسلام آباد:روس، چین، پاکستان اور ایران نے کہا ہے کہ افغانستان کی علاقائی خود مختاری اور ترقی کا احترام کیا جائے گا۔ منگل کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 18 مئی کو افغانستان پر روس چین پاکستان اور ایران کے خصوصی نمائیندوں کا ورچوئل اجلاس منعقد ہوا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں افغانستان کی موجود صورتحال اور مفاہمتی عمل کا جائزہ لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق مشترکہ اعلامیے میں تیرہ نکات سامنے آئے۔ ترجمان کے مطابق افغانستان کی علاقائی خود مختاری اور ترقی کا احترام کیا جائے گا۔ اعلامیہ کے مطابق افغان سیاسی قیادت کے درمیان معاہدہ کا خیر مقدم کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق افغانستان کے حل اور مفاہمتی عمل میں پیش رفت کیلئے افغانوں پر مبنی عمل کی حمایت کی گئی۔ کے مطابق افغان طالبان اور سیاسی قیادت سمیت تمام دھڑوں کو ملکر انٹرا افغان مذاکرات جلد از جلد شروع کرنے پر زور دیا گیا۔ ترجمان کے مطابق افغانستان کو جلد از جلد پائیدار امن کے حصول میں تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق افغانستان سے غیر ملکی افواج کے ذمہ دارانہ انخلاء اور بعد کی صورتحال پر گہری نظر رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق تمام دھڑوں کی طرف سے قیدیوں کی رہائی کے عمل کی حمایت کی گئی۔ ترجمان کے مطابق امید کا اظہار کیا گیا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد 2513(2020) پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔ ترجمان نے بتایاکہ افغانستان میں ہر قسم کے سیز فائر کیلئے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی تجویز کا خیر مقدم کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق افغانستان میں القاعدہ آئی ایس آئی ایل ای ٹی ایم ٹی ٹی پی اور دیگر دہشتگرد گروہوں کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ ترجمان نے بتایاکہ افغانستان ان دہشتگرد تنظیموں اور منشیات سمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے۔ ترجمان کے مطابق کویڈ 19 سے نمٹنے کیلئے افغانستان کی ہر ممکن مدد کرنے کا عزم دہرایا گیا۔ ترجمان عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ افغان مہاجرین کی بحفاظت واپسی یقینی بنائی جائے۔ ترجمان کے مطابق اتفاق کیا گیا کہ افغانستان کے حوالے سے جائزہ کیلئے رابطہ قائم رکھا جائے۔


