بھارت کی دستبرداری کے بعد اہم فٹبال ایونٹ کی میزبانی سعودیہ کو ملنے کا امکان

نئی دہلی :بھارت کے دستبردار ہونے کے بعد ایشین فٹبال کپ 2027کی میزبانی سعودی عرب کو ملنے کا امکان بڑھ گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت اور سعودی عرب نے ایشین فٹبال کپ 2027کی میزبانی کیلئے بولی دی تھی اورایشین فٹبال کنفیڈریشن نے بھی اکتوبر میں دونوں ممالک کو شارٹ لسٹ کیا تھا۔رپورٹس میں بتایا گیا کہ اب بھارت نے میزبانی کیلئے اپنی درخواست واپس لے لی ہے اوراس کی کوئی وجہ بھی سامنے نہیں آئی، اس حوالے سے ایشین فٹبال کنفیڈریشن نے بھی بیان جاری کیا ہے، بھارت کی دستبرداری کے بعد سعودی عرب کو 2027 کے کپ کی میزبانی ملنے کی توقع ہے اس حوالے سے حتمی اعلان اگلے سال فروری میں ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔سعودی عرب 3 مرتبہ ایشیا کا چیمپئن رہ چکا ہے اوریہ پہلا موقع ہوگا کہ سعودیہ اہم فٹبال ایونٹ کی 2027 میں میزبانی کرے گا۔خیال رہے کہ چین کورونا وبا کے باعث ایشین کپ 2023 کی میزبانی سے دستبردار ہوگیا تھا اوراب ایشین کپ اگلے سال قطر میں کھیلا جائے گا اور قطر ہی اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔واضح رہے کہ قطر میں جاری ورلڈکپ میں سعودی عرب نے ارجنٹائن کو شکست دیکر اپ سیٹ کیا تھا اور فٹبال کی دنیا میں تہلکہ مچا دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں